کراچی کے حلقہ 250 میں دوبارہ پولنگ کرانے کے لیے ایم کیوایم کا دھرنا جاری

مبینہ بے ضابطگیوں کے الزام پرالیکشن کمیشن نے 43پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ روک کر 19مئی کو دوبارہ کرانے کا اعلان کیا تھا


ویب ڈیسک May 15, 2013
چند پولنگ اسٹیشنز کے بجائے پورے حلقے میں دوبارہ پولنگ کرائی جائے تاکہ انتخابات کے صاف و شفاف نتائج سامنے آئیں، ایم کیوایم ۔ فوٹو ایکسپریس نیوز

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 250 میں دوبارہ پولنگ کرانے کے مطالبے پر ایم کیو ایم کے کارکنوں کا الیکشن کمیشن کے سامنے دوسرے روزبھی دھرنا جاری ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ کا صوبائی الیکشن کمیشن کے سامنے دوسرے روز بھی دھرنا جاری ہے جس میں خواتین سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہے، ایم کیوایم کا مطالبہ ہے کہ چند اسٹیشنوں میں نہیں پورے حلقے میں دوبارہ پولنگ کرائی جائے، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیوایم کی رہنما اور حلقہ این اے 250 سے متحدہ کی امیدوار خوش بخت شجاعت نے کہا ہے کہ اس وقت تمام جماعتیں ایم کیوایم کےخلاف ہیں، جمہوری تقاضا ہے کہ پورے حلقے میں صاف اور شفاف انتخابات ہونے چاہیئں، انہوں نے کہا کہ جب تک ہمارا مطالبہ تسلیم نہیں کیا جاتا اس وقت تک دھرنا جاری رہے گا۔

ایم کیوایم کے رہنما واسع جلیل نے کہا کہ این اے 250 سمیت پی ایس 112 اور پی ایس 113 میں بھی دوبارہ انتخابات کرائے جائیں، متحدہ کا مینڈیٹ تسلیم نہ کرنے والی جماعتیں ٹانگہ پارٹیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک تمام پولنگ اسٹیشنزپرانتخاب کرانےکا فیصلہ نہیں آتا دھرنا جاری رہے گا۔ رابطہ کمیٹی کے رکن رضاہارون کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم اپنے حق کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔

واضح رہے کہ این اے 250 پر مبینہ بے ضابطگیوں کے الزام پر الیکشن کمیشن نے پولنگ روک دی تھی جس کے بعد اس حلقے کے 43 پولنگ اسٹیشنوں پر 19 مئی کو دوبارہ پولنگ کرانے کا اعلان کیا گیا تاہم ایم کیوایم کا مطالبہ ہے کہ چند پولنگ اسٹیشنز کے بجائے پورے حلقے میں دوبارہ پولنگ کرائی جائے تاکہ انتخابات کے صاف و شفاف نتائج سامنے آئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں