ثانیہ مرزا کی زندگی پر فلم بنانے کا فیصلہ

فلم کی کہانی ثانیہ کی پیشہ ورانہ زندگی کے ساتھ ساتھ نجی زندگی پر بھی مبنی ہوگی


ویب ڈیسک August 02, 2018
فلم کی کہانی ثانیہ کی پیشہ ورانہ زندگی کے ساتھ ساتھ نجی زندگی پر بھی مبنی ہوگی۔ فوٹو: فائل

معروف بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی زندگی پر فلم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بالی ووڈ میں ان دنوں پرانی فلموں کے ری میک بنانے کے ساتھ ساتھ معروف شخصیات کی زندگی پر فلم بنانے کا رجحان بھی پروان چڑھتا جارہا ہے جس کا اندازہ بھارتی کرکٹر دھونی، اظہر الدین، ہاکی کھلاڑی سندیپ سنگھ اور دیگر کھلاڑیوں کی زندگی بنی فلموں سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے یہی وجہ ہے کہ دنیا میں اپنے فن سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی زندگی پر بھی فلم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر شعیب ملک کی اہلیہ اور ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر فنکاروں پر فلم بنانے کے بعد بہت سے لوگ ثانیہ مرزا کی زندگی پر فلم بنانے کا سوچ رہے تھے تاہم ٹینس اسٹار کی زندگی پر فلم بنانے کا سہرا رونی اسکرو والا کے سر سج گیا ہے جوکہ اپنے تجربے سے فلم کو چارچاند لگائیں گے جب کہ فلم کی کہانی ثانیہ کی پیشہ ورانہ زندگی پر مبنی تو ہوگی لیکن فلم میں اُن کی ذاتی زندگی کو زیادہ اجاگر کیا جائے گا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: براہ مہربانی میرے لیے بیٹے کی نہیں بیٹی کی دعا کریں، ثانیہ مرزا

ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ فلم کے لئے ہدایتکار کا حتمی انتخاب بھی جلد مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعد فلم میکرز دیگر کرداروں کو کاسٹ کرنے کا عمل شروع کریں گے۔

واضح رہے کہ ثانیہ مرزا دنیا کی واحد ٹینس اسٹار ہیں جنہوں نے ڈبل سیٹ میں 6 گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کئے جب کہ وہ اپنے فنی کیریئر میں 2013 کی ویمبلڈن چیمپیئن شپ بھی جیت چکی ہیں اور اپنی کامیابی کی بدولت بہت سے ایوارڈز بھی حاصل کر چکی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں