افغانستان میں 3 غیر ملکی شہری اغوا کے بعد قتل قندھار میں دھماکے سے 3 بچے جاں بحق

کابل میں قتل ہونے والے شہریوں کا تعلق بھارت، مقدونیہ اور ملائیشیا سے ہے، فرانسیسی کمپنی کیلیے کام کرتے تھے۔


News Agencies August 03, 2018
بارودی سرنگ کے دھماکے میں2 افراد زخمی ہوئے، کابل میں افغان آرمی کا ہیلی کاپٹر تباہ، پائلٹ زخمی۔ فوٹو : فائل

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں3 غیر ملکیوں کو اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا جبکہ قندھار میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں3 بچے جاں بحق ہوگئے۔

افغان پولیس حکام نے 3 غیر ملکیوں کے قتل کی تصدیق کی ہے۔ حکام کے مطابق تینوں افراد کو گزشتہ صبح اغوا کیا گیا، قتل کیے جانے والے غیر ملکیوں کا تعلق بھارت، مقدونیہ اور ملائیشیا سے ہے۔

کابل پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ تینوں غیر ملکیوں کو کابل میں ان کی گاڑی سے اغوا کیا گیا اور بعد میں ان کی لاشیں ضلع موسوی سے ملی ہیں، اس واقعے کی تحقیقات کرنے والے اہلکاروں نے بتایا کہ غیر ملکی شہری اپنی گاڑی میں ایئر پورٹ جا رہے تھے جب انھیں اغوا کیا گیا، ابھی تک کسی گروپ نے ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے شہری کھانے پینے کی اشیا فراہم کرنے والی فرانسیسی کمپنی کیلیے کام کرتے تھے، ہلاک ہونے والوں کے شناختی کارڈ بھی برآمد ہوئے ہیں اور ان کی کمپنی سے تصدیق بھی کرائی گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ملائیشیا کا 64 سالہ، انڈیا کا 39 سالہ اور مقدونیہ کا 37 سالہ شہری شامل ہے، اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ افغانستان کے شہر جلال آباد میں مہاجرین سینٹر پر کیے گئے حملے میں15افراد کے ساتھ ایک اقوام متحدہ کا اہلکار بھی مارا گیا ہے، اس حملے کی ذمے داری داعش نے قبول کی تھی۔

دوسری جانب افغانستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے سے 3بچے جاں بحق اور2 افراد زخمی ہو گئے، واقعہ صوبہ قندھار میں پیش آیا جہاں موٹر سائیکل پر سوار افراد سڑک کنارے لگی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئے، کابل میں آرمی کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس میں پائلٹ زخمی ہوگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں