الیکشن میں دھاندلی کیخلاف 3روزمیں مطالبات تسلیم نہ ہوئےتو احتجاج کریں گے عمران خان

قومی اسمبلی کے 25 سے زائد حلقوں میں تحریک انصاف کے خلاف دھاندلی ہوئی ہے ، عمران خان


ویب ڈیسک May 15, 2013
ملک میں انتخابات ختم ہوگئے اب قوم اپنے مسائل کاحل چاہتی ہے، عمران خان۔ فوٹو : ایکسپریس نیوز

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے 25 سے زائد حلقوں میں ان کے امیدواروں کو دھاندلی سے ہرایا گیا ہے، الیکشن کمیشن 4 حلقوں میں بیلٹ پیپر پر انگوٹھے کے نشانات کی تصدیق کرائے۔ 3 روز میں مطالبات نہ مانے گئے تو احتجاج کریں گے۔

لاہور میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس کے دوران اپنے وڈیو پیغام میں عمران خان نے کہا کہ انہیں الیکشن کمیشن سے بہت توقعات وابستہ تھیں لیکن الیکشن کمیشن ان توقعات پر پورا نہیں اترا، 1970 کے بعد ملک کی تاریخ میں پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں عوام نے ووٹ ڈالے۔ جو لوگ اپنے گھروں میں بیٹھ کر نظام کو برا بھلا کہتے تھے انہوں نے پہلی بار قطاروں میں لگ کر اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، ملک بھر میں قومی اسمبلی کے 25 سے زائد حلقوں میں تحریک انصاف کے خلاف دھاندلی ہوئی ہے جن میں این اے 122 اور این اے 125 بھی شامل ہیں۔ آج بڑی تعداد میں لوگ دھرنے دے رہے ہیں کہ ان کے نمائندوں کو ہرایا گیا، وہ الیکشن کمیشن سے کہتے ہیں کہ نوجوانوں کو مایوس نہ ہونے دیں اگر یہ لوگ مایوس ہوگئے تو پھر کبھی سیاسی عمل میں واپس نہیں آئیں گے، بیلٹ پیپرز پر انگوٹھوں کے نشانات لئے گئے ہیں ان کی تصدیق کرائی جائے تاکہ مستقبل میں انتخابی عمل کو شفاف بنانے میں کوئی مشکل پیش نہ آئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن ابتدائی طور پر قومی اسمبلی کے چار حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرائے اور یہاں ڈالے گئے ووٹوں کی جانچ کی جائے تاکہ ووٹرز کے خدشات دور کیا جاسکے۔ اگر 3 روز میں الیکشن کمیشن نے ان کے مطالبات نہ مانے تو تحریک انصاف احتجاج کرے گی۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ملک میں انتخابات ختم ہوگئے، اب قوم اپنے مسائل کا حل چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز نوازشریف ان کے پاس آئے، ہمارے اختلافات اپنی جگہ لیکن ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک کے مسائل کا حل مل کر نکالیں گے، ملک کو درپیش سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی ہےاور ہمیں اس کے خلاف مل کر کام کرنا ہوگا، اس سلسلے میں ان کی آرمی چیف جنرل اشفاق پرویزکیانی سے بھی بات ہوئی ہے تاکہ متحد ہوکر اس مسئلے کا سدباب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات نے ہمیں موقع دیا ہے کہ ہم خیبر پختونخوا میں اپنی حکومت قائم کرسکیں اور وہاں اپنے خیالات اور نظریات کو عملی جامہ پہنائیں تاکہ صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے لیکن اس کے ساتھ ہی ہم وفاق اور پنجاب میں بھی بھرپور طریقے سے اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے،عوام کی خواہشات کے مطابق حکومت کے صحیح اقدامات کی حمایت اور غلط کی نشاندہی کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں