تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پشاور اور میانوالی سے اپنی جیتی ہوئی نشستیں چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق عمران خان قومی اسمبلی میں راولپنڈی سے منتخب نمائندے کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے جبکہ میانوالی اور پشاور کی نشستیں چھوڑ دیں گے جہاں ضمنی انتخابات ہوں گے۔
دوسری جانب این اے 1 پشاور میں عمران خان کے ہاتھوں ہزیمت اٹھانے والے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما غلام احمد بلور نے عمران خان کے اس فیصلے پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ پشاور کے عوام نے عمران خان کو منتخب کیا اس لئے انہیں پشاور کی نشست کو چھوڑنے کے بجائے دیگر حلقوں سے مستعفی ہونا چاہئے تھا۔
واضح رہے کہ عمران خان نے قومی اسمبلی کی چار نشستوں سے انتخابات میں حصہ لیا تھا، جس میں سے انہیں این اے122لاہورکی نشست پرشکست کاسامنا کرنا پڑا تھا جبکہ این اے 1 پشاور، این اے 17 میانوالی اور این اے 5 راولپنڈی سے کامیاب ہوئے ، قانون کے مطابق ایک سے زائد نشستوں پر کامیاب امیدوار کو ایک نشست کے علاوہ دیگر تمام نشستوں سے مستعفی ہونا پڑتا ہے۔