چیف جسٹس کا چین میں پھنسے پاکستانیوں کو 6 اگست تک وطن واپس لانے کا حکم

چیف جسٹس نے شاہین ایئر لائنز کے مالک احسان صہبائی کو 7 اگست کو عدالت میں طلب کرلیا


ویب ڈیسک August 03, 2018
چیف جسٹس نے شاہین ایئر لائنز کے مالک احسان صہبائی کو 7 اگست کو عدالت میں طلب کرلیا۔ فوٹو؛فائل

چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے چین میں پھنسے پاکستانیوں کو 6 اگست تک وطن واپس لانے کی ہدایات دیتے ہوئے شاہین ایئر لائنز کے مالک احسان صہبائی کو 7 اگست کو عدالت میں طلب کرلیا ہے۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے چین میں پھنسے پاکستانیوں کے بارے میں از خود نوٹس کیس پر سماعت کی، اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر شاہین ایئرلائنز نے بتایا کہ چین کے شہر گوانگ زو میں سعودی ایئر لائنز کے علاوہ تمام فلائٹس معطل کر دی گئی ہیں اور صرف شاہین ایئر لائنز کی پروازیں جاتی ہیں۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے نشاندہی کی کہ اسلام آباد سے گوانگ زو روزانہ چایئنہ ائیر لائنز کی فلائٹ جاتی ہے، شاہین ایئر لائنز نے پیسے بچانے ہیں تو علیحدہ بات ہے، چیف جسٹس ثاقب نثار نے شاہین ایئر لائنز کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیا اور واضح کیا کہ کوئی بھی جہاز جو غیر محفوظ ہو مسافروں کو لینے نہ بھیجا جائے۔

سپریم کورٹ نے ہدایت کی کہ سول ایوی ایشن کی منظوری کے بعد جہاز بھیجا جائے، چیف جسٹس کی سربراہی میں بنچ نے سول ایوی ایشن کو شاہین ایئر لائنزکے جہاز کی اڑان سے متعلق رپورٹ ڈیڑھ گھنٹے میں دینے کا حکم دیتے ہوئے شاہین ایئر لائنز کے مالک احسان صہبائی کو 7 اگست کو عدالت طلب کرلیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔