گردشی قرضوں کی خلافِ ضابطہ ادائیگی پر اسحاق ڈار کے خلاف تفتیش کی منظوری

چیئرمین نیب نے دبئی میں 110 ارب روپے مالیت کے غیرقانونی اثاثوں کی چھان بین کی بھی منظوری دے دی


ویب ڈیسک August 03, 2018
کرپشن فری پاکستان کے لیے بھرپورکاوشیں کررہے ہیں، چیئرمین نیب فوٹو: فائل

نیب نے 2013 میں گردشی قرضوں کی مد میں 480 ارب روپے کی خلافِ ضابطہ ادائیگی پر سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف تفتیش کی منظوری دے دی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین جاوید اقبال کی زیرِ صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں 2013 میں گردشی قرضوں کو ختم کرنے کے لئے 480 ارب روپے خلافِ ضابطہ ادائیگی پرحکومتی عہدیداروں و دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔

انوشہ رحمان کیخلاف بھی انکوائری کی منظوری


اعلامیے کے مطابق جن افراد کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی ان میں سابق وزیرِخزانہ اسحاق ڈار اور سابق وزیرِ مملکت برائے آئی ٹی انوشہ رحمان شامل ہیں جب کہ (ن) لیگ کے دونوں سابق وزرائے اعظم نوازشریف اور شاہد خاقان عباسی کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے خلاف بدعنوانی کی انکوائری شروع کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے، نیب کے مطابق فواد حسن فواد پر اختیارات کے ناجائز استعمال، مبینہ بدعنوانی اور قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

منی لانڈرنگ اور غیر قانونی اثاثے بنانے کی انکوائری کا حکم


اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں منی لانڈرنگ، دبئی میں 1 کھرب 10 ارب روپے مالیت کے غیرقانونی اثاثے بنانے کے معاملے کی انکوائری کا حکم دیا گیا۔ جن دیگر افراد کے خلاف چھان بین کی منظوری دی گئی، ان میں سابق چیئرمین پی ٹی اے اسماعیل شاہ، سابق ڈائریکٹر لوک ورثہ عکسی مفتی اور روبینہ خالد، بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی شکایت پر ناردرن پاورپلانٹ گوجرانوالہ کےافسران، نیلم جہلم پروجیکٹ کی انتظامیہ، پنجاب کارڈیالوجی کےافسران،حکومت پنجاب و دیگر، بی آر ٹی پشاور پروجیکٹ کے افسران، غیرقانونی طور پر رقم کی بیرون ملک منتقلی کرنے والے پاکستانی، اوورسیز پاکستانی اورسرمایہ کار شامل ہیں۔

عدم تعاون پر سابق ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب مظفر علی رانجھا، اور سابق صوبائی وزیربلوچستان صادق علی عمرانی کے خلاف انکوائری کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

'' کرپشن فری پاکستان کے لیے بھرپورکاوشیں کررہے ہیں ''


اعلامیے میں جن افراد کے خلاف تحقیقات کی منظوری دی گئی ان میں سابق ڈائریکٹرفنانس ایرا، سابق ڈائریکٹرفنانس پی ایچ اے اور سابق چیف فنانشل آفیسرپنجاب پاورڈیولپمنٹ کمپنی اکرم نوید شامل ہیں۔ اجلاس میں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ بدعنوانی ایک کینسر ہے جسے جڑ سے اکھاڑ پھینکنا انتہائی ضروری ہے، کرپشن فری پاکستان کے لیے بھرپورکاوشیں کررہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔