سلمان خان کی فلم ’سلطان‘ کو چین میں ریلیز کرنے کا فیصلہ

فلم ’سلطان‘ 31 اگست کو چین میں ریلیز کی جائے گی۔


ویب ڈیسک August 03, 2018
سلو میاں کی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ چین میں 300 کروڑ سے زائد کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی تھی۔

بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان نے اپنی فلم 'بجرنگی بھائی جان' کی بھرپور کامیابی کے بعد فلم 'سلطان' کو بھی چین میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بالی ووڈ فلموں کے لیے بھارت کے بعد چین بھی ایک بڑی انڈسٹری بن گئی ہے جہاں مداح سماجی مسائل پر بننے والی فلموں کو بے پناہ پسند کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ بالی ووڈ کے مسٹرپرفیکشنسٹ عامر خان اپنی ہر فلم چین میں ضرور ریلیز کرتے ہیں جو بھارت سے زیادہ چین میں بزنس کرنے میں کامیاب رہتی ہے۔

عامر خان کی دیکھا دیکھی دیگر اداکار بھی اپنی فلمیں چین میں ریلیز کررہے ہیں اس سے قبل عرفان خان کی پاکستانی اداکارہ صبا قمر کے ساتھ فلم 'ہندی میڈیم' نے چین میں اچھا بزنس کیا تھا جب کہ بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کی فلم 'بجرنگی بھائی جان' مداحوں کو متاثر کرنے میں کامیاب رہی یہی وجہ ہے کہ اب سلو میاں کی ایک اور فلم 'سلطان' بھی 31 اگست کو چین میں ریلیز کی جارہی ہے۔

سلمان خان کے ساتھ 'سلطان' اور 'ٹائیگر زندہ ہے' جیسی بلاگ بسٹر فلمیں بنانے والے ہدایت کار علی عباس ظفر نے فلم 'سلطان' کی چین میں ریلیز کے حوالے سے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس حوالے سے بہت پرجوش ہیں اور دیکھنا چاہتے ہیں کہ چین میں لوگ اس فلم کے حوالے سے کیا رد عمل دیتے ہیں چونکہ چین اب بھارتی فلموں کے لیے بہت بڑی مارکیٹ بن گئی ہے اس لیے وہ فلم کی کامیابی کے لیے بہت پر امید ہیں۔

ہدایت کار علی عباس ظفر سے جب پوچھا گیا کیا انہیں امید ہے کہ فلم 'سلطان' چین میں عامر خان کی فلم 'دنگل' کا ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہوجائے گی تو انہوں نے جواب دیا کہ یہ ان کا مقصد نہیں، چونکہ عامر خان چین میں بہت بڑے سپر اسٹار بن چکے ہیں اور لوگ انہیں اب جانتے ہیں لیکن سلمان خان کی یہ دوسری فلم ہے جو چین میں ریلیز ہوگی لہذا اگر یہ فلم 'بجرنگی بھائی جان' کے قریب بھی پہنچ گئی تو ہم اسے اپنی کامیابی تصور کریں گے۔

واضح رہے عامر خان کی اسپورٹس فلم 'دنگل' نے چین میں کامیابی نے نئے ریکارڈ قائم کرتے ہوئے ایک ہزار کروڑ سے زائد کا بزنس کیا تھا جب کہ 'بجرنگی بھائی جان' تین سو کروڑ سے زائد کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔