حزب اختلاف کی جماعتوں میں اپوزیشن لیڈر کیلیے مقابلہ

اپوزیشن جماعتوں میں اصل مقابلہ اپوزیشن لیڈر کیلیے ہے۔

اپوزیشن جماعتوں میں اصل مقابلہ اپوزیشن لیڈر کیلیے ہے۔ فوٹو: فائل

تحریک انصاف کو ٹف ٹائم دینے کیلیے اپوزیشن کے گرینڈ الائنس کو بنے ہوئے کئی روز گزرنے کے بعد اس الائنس کو 'اتحاد برائے صاف وشفاف انتخابات' کا نام تو دیا گیا تاہم وزارت عظمیٰ، وزیراعلیٰ پنجاب، قومی و پنجاب اسمبلیوں کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کیلیے نامزدگی نہیں کی گئی۔

اگرچہ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما دعویٰ کررہے ہیں کہ بظاہر شہباز شریف ہی وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہیں تاہم گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے گھر پر کئی گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں وزارت عظمیٰ سمیت دیگر عہدوں کیلیے ناموں کا اعلان نہیں کیا گیا۔


اطلاعات کے مطابق اپوزیشن میں اس بات پر اتفاق ہے کہ وزارت عظمیٰ کا امیدوار ن لیگ، اسپیکر کا پیپلزپارٹی اور ڈپٹی اسپیکر کا ایم ایم اے سے ہوگا تاہم ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اپوزیشن جماعتوں میں کچھ سنجیدہ اختلافات بھی ہیں۔

ن لیگ کے ایک سینئر رہنما کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی قومی اسمبلی میں بلاول بھٹو زرداری کو اور ن لیگ شہباز شریف کو اپوزیشن لیڈر بنانا چاہتی ہے کیونکہ وزارت عظمیٰ، وزیراعلیٰ پنجاب، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدے اپوزیشن کیلیے علامتی اہمیت رکھتے ہیں، اپوزیشن جماعتوں میں اصل مقابلہ اپوزیشن لیڈر کیلیے ہے، یہی وجہ ہے کہ گزشتہ روز ن لیگ نے شہباز شریف کو اس عہدے کیلیے اپنا امیدوار نامزد کیا۔
Load Next Story