انڈر19 ورلڈ کپ پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو تختہ مشق بنالیا

گرین شرٹس 9 وکٹ سے فتحیاب، بابرکی سنچری، سمیع کی ففٹی، نواز کے 4 شکار

انڈر 19 ورلڈ کپ: اسکاٹ لینڈ کیخلاف پاکستانی کپتان بابر اعظم شاٹ کھیلنے کے بعد گیند کی جانب دیکھ رہے ہیں، چھوٹی تصویر میں سنچری کی تکمیل پر مسرور(فوٹو ایکسپریس)

انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کوتختہ مشق بناتے ہوئے 9 وکٹوں سے روند دیا، یہ ایونٹ میں گرین شرٹس کی مسلسل دوسری فتح بنی، مین آف دی میچ کپتان بابر اعظم کی ناقابل شکست سنچری اور سمیع اسلم کی عمدہ اننگز کی بدولت پاکستان نے 201 رنز کا ہدف ایک وکٹ پر عبور کرلیا، اس سے قبل محمد نواز نے 4 وکٹیں لیں دیگر مقابلوں میں ویسٹ انڈیز نے پاپوانیوگنی، سری لنکا نے نمیبیا اور آسٹریلیا نے نیپال کو زیرکیا۔

تفصیلات کے مطابق انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے اسکاٹ لینڈ پر بھی ہاتھ صاف کرلیا، اسکاٹش سائیڈ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 200 رنز پر آئوٹ ہوگئی، اوپنر روز میکلین 59 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،فریڈی کولمین نے 39 اور رودھری اسمتھ نے 34 رنز اسکور کیے، محمد نواز نے 10 اوورز میں صرف 20 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ احسان عادل نے دو وکٹیں لیں۔


جواب میں پاکستان نے صرف ایک وکٹ پر ہدف حاصل کیا، اوپنرز سمیع اور بابر کے درمیان 163 رنز کی شراکت ہوئی سمیع 78 رنز پر آئوٹ ہوئے، بابر اعظم 106 رنز پر ناقابل شکست رہے، ان کی اننگز دو چھکوں اور 10 چوکوں سے سجی ہوئی تھی۔پیر کے روز انڈر 19 ورلڈ کپ میں کھیلے جانے والے دیگر مقابلوں میں ویسٹ انڈیز نے پاپا نیوگنی کو 9 وکٹوں سے زیر کیا، ناکام ٹیم 116 رنز پر ڈھیر ہوئی، جیروم جونز اور کائیل میئرز نے تین تین وکٹیں لیں، جواب میں سنیل ایمبرس کے 91 رنز کی بدولت ویسٹ انڈیز نے ایک وکٹ پر ہدف حاصل کرلیا۔

سری لنکا نے نیمبیا کو 195 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی، فاتح سائیڈ نے 9 وکٹوں پر 298 رنز بنائے، سیباستین پریرا 69 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جواب میں نیمبیا کی ٹیم 103 رنز پر آئوٹ ہوگئی، لاہیرو مادوشنکا نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔آسٹریلیا نے نیپال کو 212 رنز سے پچھاڑا، فاتح سائیڈ نے 7 وکٹوں پر 294 رنز بنائے، کیمرون بینکرافٹ نے 125 اور کرٹس پیٹرسن نے 86 رنز بنائے، جواب میں نیپال کی ٹیم 82 رنز پر آئوٹ ہوگئی، ایشٹون ٹرنر نے 4 اور ہیری کونوے نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

Recommended Stories

Load Next Story