ودیا بالن نے ملائیکہ شراوت کی فلم کے سیکوئل کو اپنے نام کرا لیا

2006کی فلم ’’پیار کے سائیڈ افیکٹس‘‘کے سیکوئل ’’شادی کے سائیڈ افیکٹس ‘‘ تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ۔۔۔


Showbiz Desk May 16, 2013
فرحان اختر کے ساتھ کام کرکے خوشی ہوئی ہے،کام سلیقے سے کرتی ہوں ، یکسانیت سے اکتا چکی ،اب کچھ نیا کرنے کی ٹھان لی ہے،35سالہ بالی وڈ اداکارہ ۔ فوٹو : فائل

بالی وڈ اداکارہ ودیا بالن2006کی فلم ''پیار کے سائیڈ افیکٹس''کے سیکوئل ''شادی کے سائیڈ افیکٹس '' میں جلوہ گرہونے کے لیے تیار ہیں ۔

قبل ازیں فلم ''پیار کے سائیڈ افیکٹس'' میں اداکارہ ملائیکہ شراوت جلوہ گرہوئی تھیں مگر اب انھیں اس کے سیکوئل سے آؤٹ کرکے ودیا بالن کو کاسٹ کیا گیا ہے ۔اداکارہ ودیا بالن نے فلم کی 90فیصد سے زائد شوٹنگ مکمل کرادی ہے ۔گزشتہ روز ودیا بالن اور فرحان اختر کی اس نئی فلم''شادی کے سائیڈ افیکٹس ''کے رومانوی گیت کی آسٹریلیا کے شہر کوئنز لینڈ میں عکسبندی بھی مکمل کرلی گئی ہے ۔یہ سانگ ودیا بالن اور فرحان اختر پر فلمایا گیا ۔اس گیت کی موسیقی پریتم نے تیار کی ہے ۔

فلمساز ایکتا کپور کی فلم ''شادی کے سائیڈ افیکٹس '' کے ہدیت کار سکت چوہدری کا کہنا ہے کہ فلم میں ودیا بالن کا کردار یادگار ہے ۔اس فلم کے گیت کے لیے آسٹریلیا کے اس مقام کی لوکیشنز کئی ماہ قبل فائنل کرلی گئی تھی جس کے بعد اس مقام پر اب ودیا بالن اور فرحان اختر کے ساتھ پوری ٹیم کو بھی لایا گیا ہے کچھ سین کوئنز لینڈ میں فلمانے کے بعد اس فلم کی تکمیل کے مراحل بھی طے ہوجائیں گے ،انھوں نے کہا کہ فلم کی کہانی عمدہ ہے ۔انھوں نے بتایا کہ یہ فلم 2006 کو ریلیز ہونے والی فلم ''پیار کے سائیڈ افیکٹس'' کا سیکوئل ہے ۔

اس فلم کواب رواں سال ہی 6دسمبر کو سینماگھروں کی زینت بنایا جائے گا ۔انھوں نے کہا کہ ودیا کی فلم میں اچھی پرفارمنس سے بہت متاثر ہوا ہوں اوریہ فلم یقینی طور پر شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہے گی۔ادھر اداکارہ ودیا بالن نے کہا ہے کہ آسٹریلیا میں فلم کے آخری سین عکسبند ہورہے ہیں اس کی تکمیل کے ساتھ ہی فلم کی تشہیری مہم کا بھی آغاز کردیا جائے گا ۔انھوں نے مزید کہا کہ کرداروں کی یکسانیت سے اکتا چکی ہوں اور کچھ نیا کرنے کی ٹھان لی ہے ۔

یہ ایک رومانوی کامیڈی فلم ہے اور یہی چیز شائقین کی حقیقی معنوں میں تفریح کا سبب بنتی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ کامیڈی کرنا آسان نہیں ہے اور جو بھی کام سلیقے سے کیا جائے اس کے مثبت اور مفید نتائج سامنے ضرور آتے ہیں ۔اداکارہ ودیا بالن نے کہا کہ آنیوالی دو فلمیں رواں سال ہی سینما گھروں کی زینت بنائی جارہی ہیں ۔ان میں لیڈنگ لیڈی رول کررہی ہوں ۔انھوں نے کہا رام کپور اور گوتم کپور سمیت اس فلم کے سبھی کرداروں نے عمدہ انداز میں پرفارم کرکے اس فلم کی کامیابی کے امکانات روشن بنادیے ہیں ۔



اداکارہ کا کہنا ہے کہ اس فلم کے گیتوں پر یادگار پرفارمنس دینے کی کوشش کی ہے ۔فرحان اختر کے ساتھ کام کرکے خوشی ہوئی ہے ،انھوں نے کہا کہ بالی وڈ میں رقص کی وجہ سے ہی آئٹم سانگ کلک ہورہے ہیں ،آسٹریلیا کے اس خوبصورت مقام پر آنے کا مقصد بھی اس اہم رومانوی گیت کو یادگار بنانا ہے ۔پریتم نے اس کی یادگار دھن تیارکرکے اس گیت کو پہلے ہی مقبول عام بنادیا ہے ۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ آنیوالی فلموں میں بھی اپنے کام کو مختلف انداز دیکر شائقین کی توجہ حاصل کرتی رہوں گی۔

واضح رہے کہ یکم جنوری 1978کو بھارتی ریاست کیرالہ کے ضلع پالکد میں پیدا ہونے والی 35سالہ بالی وڈ اداکارہ ودیا بالن نے صرف 16برس کی عمر میں بنگالی اور ہندی فلموں میں کردار نبھاکر فلمی کیرئیر کا آغاز کیا۔ 1995 کے دوران آنیوالے سٹ کام ''ہم پانچ ''نے انھیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا ۔بطور ماڈل اداکارہ ودیا نے کئی اہم کامیابیاں سمیٹیں ،2000کے دوران کئی ٹی وی کمرشلز اورفیشن شوز میں شرکت کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ۔اداکارہ نے کئی میوزک وڈیوز کے لیے بھی پرفارم کیا ۔

2003میں بنگالی ڈرامہ ''بھالو ٹھیکو ''میں کام کرکے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ 2005میں ریلیز ہونے والی فلم ''پرینیتا''میں شاندار پرفارمنس پر فلم فیئر ایوارڈاپنے نام کرایا۔2006کے دوران فلم ''لگے رہو منا بھائی ''کی سلور اسکرین پر دھوم مچائی ،2007میں فلم ''گرو'' ''سلام عشق''، ''ایکلاوا'' ''ہائے بے بی ''اور ''اوم شانتی اوم ''کی۔ 2008کے دوران ''ہلہ بول ''اور ''قسمت کنکشن''میں پرفارم کرکے داد وصول کی۔2009 میں فلم ''پا''میں جلوے دکھائے۔2010میں فلم ''عشقیہ''میں عمدہ پرفارمنس پر کئی ایوارڈز بھی جیتے۔

2011کے دوران 5 فلموں میں جلوہ گر ہوئیں۔ 2012کے دوران فلم ''کہانی ''اور فیریری کی سواری'' کی۔ اسی دوران دسمبر 2012 میں سدھارتھ کے ساتھ شادی رچالی۔ شادی کے بعد اب اداکارہ ودیا کی رواں سال 2 فلمیں ریلیر ہورہی ہیں ،بالی وڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ کرینہ کپور کی طرح ودیا بھی شادی کے بعد میگا پراجیکٹس کر رہی ہیں جن کی سلور اسکرین پر بھی دھوم مچنے کی توقعات وابستہ کی جارہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں