لاہور میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ پر شہری بلبلا اٹھے

شدید گرمی میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کا برا حال، پانی بھی نایاب ہوگیا


ویب ڈیسک August 04, 2018
شدید گرمی میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کا برا حال، پانی بھی نایاب ہوگیا فوٹو:فائل

شدید گرمی کے دوران بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی۔

لاہور میں چوتھے روز بھی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور 6 سے 8 گھنٹے تک بجلی کی بندش پر شہری بلبلا اٹھے۔ مختلف علاقوں اقبال ٹاؤن، رحمان پورہ، مسلم ٹاؤن میں رات 2 بجے سے بجلی غائب ہے۔ شدید گرمی میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کا برا حال ہے جبکہ پانی بھی نایاب ہے۔ شہری پانی کی قلت کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا۔ پیکو روڈ پر مظاہرین نے ٹائر جلائے اور رکاوٹیں کھڑی کرکے سڑک بند کردی۔

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) حکام کا موقف ہے کہ بجلی کا شارٹ فال تین ہزار میگاواٹ تک جا پہنچا ہے، مجموعی طلب 21 ہزار میگاواٹ جبکہ پیداوار 18 ہزار میگاواٹ ہے، لہذا ان علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ کیا گیا ہے جہاں بجلی چوری ہوتی ہے اور اب وہاں 4 سے 6 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

لیسکو حکام نے بتایا کہ گزشتہ رات پیش آنے والے بڑے فالٹ پر تو قابو پالیا گیا تاہم معمول کی تکنیکی خرابیوں اور سسٹم اوور لوڈ ہونے کے باعث ٹرپنگ کی شکایات آرہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق منگلا ڈیم سے پانی کا اخراج کم ہونے سے پن بجلی کی پیداوار متاثر ہوئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں