منی لانڈرنگ اسکینڈل آصف زرداری اور فریال تالپور کی جے آئی ٹی میں پھرعدم پیشی

فریال تالپور کا ایف آئی اے سے نئی جےآئی ٹی کی تشکیل اور تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ کی تبدیلی کا مطالبہ


ویب ڈیسک August 04, 2018
فریال تالپور نے منی لانڈرنگ اسکینڈل میں ایف آئی اے کے عبوری چالان کو چیلنج کررکھا ہے فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور منی لانڈرنگ اسکینڈل کی تفتیش کے لیے ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم کے روبرو ایک بار پھر پیش نہیں ہوئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے کی اربوں روپے کی منی لانڈرنگ سے متعلق معاملے کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو ہفتے کو پھر بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا تھا تاہم دونوں رہنما پیش نہ ہوئے، دونوں شخصیات کے مشترکہ وکیل فاروق ایچ نائیک کے معاون ایف آئی اے حکام کے سامنے پیش ہوئے اور انہوں نے حکام کو آصف زرداری اور فریال تالپور کی مصروفیات سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن میں اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کا آج آخری روز ہے اس لئے آصف زرداری نواب شاہ جب کہ فریال تالپور اس وقت لاڑکانہ میں موجود ہیں، جس کی وجہ سے وہ ایف آئی اے کے روبروپیش نہیں ہوسکتے۔

دوسری جانب فریال تالپور نے ایف آئی اے سے معاملے کی تفتیش کرنے والی جے آئی ٹی کے سربراہ کی تبدیلی کا بھی مطالبہ کردیا۔ فریال تالپور نے اپنے وکیل فاروق ایچ نائیک کے توسط سے نئی جے آئی ٹی تشکیل دینے کے لئے ایف آئی اے کو درخواست دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فریال تالپور ایف آئی اے سے مکمل تعاون کرنا چاہتی ہیں۔

واضح رہے کہ منی لانڈرنگ اسکینڈل میں آصف زرداری کے قریبی دوست حسین لوائی پہلے ہی ایف آئی اے کی تحویل میں ہیں جب کہ فریال تالپور نے ایف آئی اے کے عبوری چالان کو چیلنج کررکھا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں