نوازشریف کو جیل میں مناسب سہولیات فراہم کی جارہی ہیں وزیرداخلہ پنجاب

سابق وزیر اعظم نوازشریف کو جیل میں مناسب سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، صوبائی نگراں وزیر داخلہ

نوازشریف کو ٹی وی، اخبارات، کتب، ائیر کنڈیشن اور مسٹ فین فراہم کیاگیا ہے، نگراں وزیر داخلہ فوٹو:فائل

نگراں وزیر داخلہ پنجاب شوکت جاوید کا کہنا ہے جیل میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبائی نگراں وزیر داخلہ شوکت جاوید نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت کے بارے میں کہا ہے کہ نوازشریف کی صحت بالکل ٹھیک ہے اور انہیں جیل میں مناسب سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ نواز شریف کو ٹی وی، اخبارات، کتب، ایئر کنڈیشن اورمسٹ فین کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: نواز شریف پمز اسپتال سے اڈیالہ جیل منتقل


صوبائی نگراں وزیر داخلہ نے کہا جیل مینوئل کے مطابق مریم نواز اورکیپٹن صفدرکو ایک دن کی ملاقات کی اجازت ہے، جب کہ نوازشریف کے دوستوں عزیز و اقارب کی ملاقاتوں کےلئے جمعرات کا روز مقرر ہے۔ حسن اور حسین نواز وفاق کے ملزم ہیں ان کے بارے میں پنجاب حکومت لاعلم ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل نواز شریف کی جیل میں طبعیت خراب ہونے کے باعث انہیں پمز اسپتال کے کارڈیک وارڈ منتقل کیاگیا تھا جہاں ان کا علاج ماہرین پر مشتمل ڈاکٹروں کی ٹیم نے کیاتھا، تمام رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی حالت پہلے سے بہترہے بعد ازاں انہیں واپس جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: نوازشریف، مریم اور صفدرکی جیل میں مصروفیات

یاد رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سزایافتہ نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو اڈیالہ جیل میں 3 ہفتے جب کہ داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکو لگ بھگ 4 ہفتے ہوگئے ہیں۔
Load Next Story