الیکشن کمیشن کو جمع کرائی گئی درخواست کا فیصلہ آنے تک دھرنا ملتوی کردیا جائے الطاف حسین

ایم کیوایم مسلم لیگ(ن)سمیت انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والی تمام جماعتوں کے مینڈیٹ کودل سے تسلیم کرتی ہے،الطاف حسین

اگر جذبات میں میرے منہ سے کچھ ایسے الفاظ نکلے ہیں جو صحافی برادری کو ناگوار گزرے ہیں تو میں اس پر ان سے خلوص دل سے معذرت خواہ ہوں، الطاف حسین فوٹو: فائل

لاہور:
الطاف حسین نے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ارکان کو ہدایت کی ہے کہ این اے 250 کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کے لئے الیکشن کمیشن کو جمع کرائی گئی درخواست کا فیصلہ آنے تک الیکشن کمیشن کے آفس کے باہر جاری دھرنے کو ملتوی کردیا جائے۔


لندن سے جاری بیان میں الطاف حسین نے انتخابات میں بھر پور کامیابی پر مسلم لیگ (ن) کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم مسلم لیگ (ن) سمیت انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والی تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کے مینڈیٹ کو کھلے دل سے تسلیم کرتی ہے اور امید ہے کہ وہ بھی ایم کیو ایم کو ملنے والے مینڈیٹ کو فراخ دلی سے تسلیم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ مسلم لیگ (ن) ملک میں انصاف کی فضا کو قائم کرے گی اور اچھی حکمرانی کا ثبوت دے گی۔

الطاف حسین نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات کا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے اور جن جماعتوں کو جن حلقوں پر تحفظات ہیں وہ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن میں اپنی درخواستیں جمع کرائیں یا عدالت سے رجوع کریں۔ انہوں نے الیکٹرانک وپرنٹ میڈیا سے وابستہ صحافیوں، قلم کاروں، اینکر پرسنز اور ٹی وی واخباری مالکان کو مخاطب کر تے ہوئے کہا کہ اگر جذبات میں میرے منہ سے کچھ ایسے الفاظ نکلے ہیں جو صحافی برادری کو ناگوار گزرے ہیں تو میں اس پر ان سے خلوص دل سے معذرت خواہ ہوں۔

Recommended Stories

Load Next Story