پاکستانی کرکٹ چیف کو رواں ماہ دورۂ بھارت کی دعوت

26مئی کوایڈن گارڈنزمیں آئی پی ایل فائنل ہمارے ساتھ دیکھیں،سری نواسن کاخط


Saleem Khaliq May 16, 2013
26مئی کوایڈن گارڈنزمیں آئی پی ایل فائنل ہمارے ساتھ دیکھیں،سری نواسن کاخط. فوٹو: فائل

پاکستان میں حکومت کی تبدیلی نے بھارت کا رویہ بھی تبدیل کر دیا۔

سیاسی حالات میں بہتری کا کرکٹ پر بھی اثر پڑا، بی سی سی اے نے چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کو آئی پی ایل کا فائنل دیکھنے کیلیے مدعو کر لیا، ذکا اشرف نے اب تک پڑوسی ملک جانے کا فیصلہ نہیں کیا، البتہ اگر وہ گئے تو اس دوران باہمی کرکٹ روابط کے حوالے سے اہم بات چیت ہو سکتی ہے۔

دونوں بورڈز حکام کی آئندہ ماہ لندن میں آئی سی سی میٹنگز کے درمیان بھی ملاقات ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق قیدیوں کی جیل میں ہلاکت کے بعد پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی آ گئی تھی، نئی حکومت کے مثبت بیانات اور پڑوسی ملک سے بھی ویسے ہی جوابات سے حالات میں کچھ بہتری کی امید ہو چلی ہے۔



کرکٹ پچ کو سیاسی اکھاڑہ بنانے میں پیش پیش رہنے والے بھارتی بورڈ نے بھی حکومتی مثبت رویے میں نرمی سے اپنا انداز تبدیل کر لیا، ذرائع نے نمائندہ ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ گذشتہ روز صدر بی سی سی آئی این سری نواسن کا خط پی سی بی کو موصول ہوا جس میں چیئرمین ذکا اشرف کو آئی پی ایل فائنل دیکھنے کیلیے کولکتہ آنے کی دعوت دی گئی ہے۔

یہ میچ26مئی کو ایڈن گارڈنز میں کھیلا جائے گا، ذرائع نے مزید بتایا کہ تاحال بھارتی دعوت قبول کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا، البتہ اگر ذکا اشرف پڑوسی ملک گئے تو دونوں ممالک کے درمیان سیریز کے حوالے سے تبادلہ خیال کا اچھا موقع مل جائے گا، بھارتی بورڈ ویسے تو رواں برس میچز کھیلنے سے انکار کر چکا لیکن اگر حکومت سے گرین سگنل ملا تو شائقین کرکٹ کیلیے کوئی اچھی خبر سامنے آ سکتی ہے۔

چیئرمین پی سی بی آئندہ ماہ آئی سی سی میٹنگز کیلیے لندن جا رہے ہیں،وہاں وہ پاک بھارت میچ بھی دیکھیں گے،انگلینڈ میں بھی دونوں بورڈز کے سربراہان کی ملاقات ہو گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں