بڑھتے ہوئے وزن نے سعید اجمل سے پراٹھے چھڑا دیے

بورڈ کی جانب سے دیے گئے ڈائٹ پروگرام پر عمل سے مٹھائی کو بھی ترس گیا


Sports Desk May 16, 2013
پاکستانی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں روایتی حریف بھارت کو ہرا دے گی، اسپنر کو یقین فوٹو: فائل

بڑھتے وزن نے سعید اجمل سے پراٹھے چھڑا دیے، بورڈ کی جانب سے دیے گئے ڈائٹ پروگرام پر عمل سے مٹھائی کو بھی ترس گئے۔

ان کا کہنا ہے کہ بڑی مشکل سے میں خود کو ان چیزوں سے باز رکھتا ہوں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے حال ہی میں کچھ کرکٹرز کو اپنا وزن کم کرنے کی ہدایت کی ان میں اسٹار آف اسپنر سعید اجمل بھی شامل ہیں، ایک ویب سائٹ کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ مجھے پی سی بی کی جانب سے ٹریننگ اور ڈائٹ پلان دیا گیا جس پر عمل کررہا ہوں، باقی تو کوئی مسئلہ نہیں مگر اس کی وجہ سے مجھے پراٹھوں اور مٹھائیوں سے پرہیز کرنا پڑا، یہی اس پروگرام کا سب سے مشکل ترین حصہ ہے، مجھے پراٹھے اور مٹھائیاں بہت پسند ہیں مگر پروفیشنل اسپورٹس مین ہونے کی وجہ سے آپ کو کچھ قربانیاں دینا پڑتی ہیں، جب یہ چیزیں میرے سامنے آئیں تو میرے لیے خود پر کنٹرول کرنا مشکل ہوجاتا ہے مگر میں خود کو فوراً یاد دلاتا ہوں کہ مجھے ان سے پرہیز کرنا ہے۔



مصباح الحق کے بارے سوال پر سعید اجمل نے کہا کہ وہ دفاعی نہیں بلکہ بہترین کپتان ہیں، ہم نے کئی برس تک ایک ساتھ کرکٹ کھیلی اور وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ مجھے کب استعمال کرنا ہے، ان کا بطور کپتان ریکارڈ بہترین ہے۔ سیاست میں دلچسپی سے متعلق سوال پر انھوں نے کہا کہ میرا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، میں نے یہ کام سیاستدانوں پر چھوڑ رکھا ہے، میری دلچسپی کرکٹ کھیلنے اور ریٹائرمنٹ کے بعد بھی اسی کھیل سے جڑے رہنے میں ہے، سیاست میرا کام نہیں۔ سعید اجمل نے یقین ظاہر کیا کہ پاکستان ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کو ہرا دے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں