ٹریفک حادثات کے دوران 3 نوجوان جاں بحق 2 زخمی

ڈیفنس میں تیز رفتار ٹریلر نے موٹرسائیکل سوار پرویز اور شاہ زیب کو کچل دیا.

کورنگی میں نامعلوم تیز رفتار گاڑی نے میٹرک کے طالب علم مبین کی جان لے لی. فوٹو: فائل

ڈیفنس اور کورنگی میں ٹریفک حادثات کے دوران 3 نوجوان جاں بحق جبکہ2 زخمی ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق ڈیفنس کے علاقے مین کورنگی روڈ آغا خان سگنل کے قریب تیز رفتار ٹریلر نے موٹر سائیکل سوار 2 نوجوانوں کو کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں17سالہ پرویز غیاث اور16سالہ شاہ زیب جاں بحق ہوگئے جبکہ حادثے کا ذمے دارڈرائیور موقع سے ٹرالر سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔


پولیس نے متوفین کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کیلیے جناح اسپتال پہنچائیں پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں متوفین آپس میں دوست اور کالا پل کے قریب ہزارہ کالونی کے رہائشی تھے جبکہ دونوں دوست ہزار کالونی میں موٹر سائیکل مکینک کی دکان پر کام کرتے تھے جبکہ دونوں دوست فرسٹ ایئرکے طالبعلم اور پرائیویٹ امتحان دے رہے تھے ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دیں متوفین کی میتیں جب ان کی رہائش گاہ پہنچیں تو کہرام مچ گیا ، پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔



عوامی کالونی کے علاقے کورنگی6 نمبر پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان مبین شدید زخمی ہوگیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں قریب ہی واقع نجی اسپتال لیجایا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ، ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ، پولیس کاکہنا ہے کہ متوفی کورنگی6 نمبر کا رہائشی اور میٹرک کا امتحان دے کر فارغ ہوا تھا ۔ شاہ فیصل کالونی میں موٹر سائیکلیں ٹکرانے کے نتیجے میں2 افراد29 سالہ سلمان اور 26 سالہ فیصل زخمی ہوگئے۔
Load Next Story