قومی رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ کا آغاز آج سے ہوگا

1لاکھ85ہزار روپے انعامی رقم کے ایونٹ میں 40 ٹاپ پلیئرز آمنے سامنے


Sports Reporter August 05, 2018
1لاکھ85ہزار روپے انعامی رقم کے ایونٹ میں 40 ٹاپ پلیئرز آمنے سامنے۔ فوٹو: فائل

قومی رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ آج سے شروع ہورہی ہے جب کہ پاکستان کے ٹاپ40 کھلاڑیوں کے درمیان شیڈول چیمپئن شپ کے مقابلے این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کے اسنوکر جمنازیم ہال میں شیڈول ہیں۔

پاکستان اسنوکر اینڈ بلئیرڈ ایسوسی ایشن کے تحت منعقد ہونے والی چیمپئن شپ کا فائنل 13 اگست کو کھیلا جائے گا، ایک لاکھ 85 ہزار روپے انعامی رقم کی چیمپئن شپ میں معروف انٹرنیشنل کیوئسٹ اسجد اقبال اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے، تاہم قومی رینکنگ میں ناقص کارکردگی کے سبب وہ ایونٹ کے سیڈ 10 کھلاڑی قرار پائے جبکہ سابق عالمی نمبر 2 اور سابق ایشین چیمپئن محمد سجاد بھی اپنی بدترین پرفارمنس کی وجہ سے قومی رینکنگ میں31 ویں پوزیشن پر چلے جانے کی وجہ سے ٹاپ 10 کھلاڑیوں میں جگہ نہیں بناسکے، مزید برآں قومی رینکنگ میں جگہ نہ بناسکنے کے سبب بلوچستان کا کوئی کیوئسٹ ایونٹ کا حصہ نہیں بن سکا۔

ڈراز کے مطابق سابق عالمی چیمپئن اور ایونٹ کے ٹاپ سیڈ محمد آصف (پنجاب) اپنا افتتاحی لیگ میچ خیبر پختونخواہ کے سربلند خان کے خلاف کھیلیں گے، سیڈ 2 محمد بلال (پنجاب) کا مقابلہ پنجاب ہی کے شیخ مدثر سے ہوگا، سیڈ 3 بابر مسیح (پنجاب) کو اپنے ہی صوبے کے عمران شہزاد کا سامنا درپیش ہوگا، پنجاب سے ہی تعلق رکھنے والے سیڈ 4 محمد ماجد علی پنجاب ہی کے محمد شہباز سے مقابلہ کریں گے، سیڈ 5 محمد احسن جاوید (پنجاب) کا ٹکراؤ سندھ کے عمیر اسلم سے ہوگا، سیڈ 6 سندھ کے سلطان محمود خیبر پختون خواہ کے عمیر عالم کو زیر کرنے کی کوشش کریں گے، سیڈ7 علی حیدر (پنجاب) کے مد مقابل عبدالجاوید (پنجاب) ہوں گے جبکہ سیڈ8 ذوالفقار اے قادر کے حریف خیبر پختونخواہ کے شرجیل محمود ہوں گے، چیمپئن شپ کے پہلے مرحلے میں کھلاڑیوں کے درمیان لیگ کی بنیاد پر مقابلے ہوں گے، کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچز 7 فریمز پر مشتمل ہوں گے، 40 کھلاڑیوں کو 8 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

بعدازاں ہر گروپ سے ٹاپ 2 کھلاڑی دوسرے مرحلے میں فائنل راؤنڈ میں شرکت کے اہل ہوں گے، ناک آؤٹ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے اس راؤنڈ میں 16 کھلاڑیوں کے درمیان مقابلہ ہوگا، پری کوارٹر اور کوارٹر فائنلز 9 فریمز پر مشتمل ہوں گے، سیمی فائنل11جبکہ 13 اگست کو شیڈول فائنل15 فریمز پر مشتمل ہوگا، ایونٹ کا فاتح ٹرافی کے ساتھ ایک لاکھ روپے انعام کا حقدار ہوگا جبکہ رنراپ کو ٹرافی کے ساتھ 40 ہزرار روپے ملیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں