ایشین رگبی قومی ٹیم آج سیمی فائنل میں اردن کے مدمقابل

بنگلہ دیش اور برونائی کیخلاف کامیابی حاصل کرلی،سنگاپور سے شکست ہو گئی

بنگلہ دیش اور برونائی کیخلاف کامیابی حاصل کرلی،سنگاپور سے شکست ہو گئی۔ فوٹو:فائل

پاکستان رگبی سیونز ٹیم نے ایشین رگبی سیونز سنگاپور کے پہلے دن برونائی اور بنگلہ دیش کو ہرادیا جبکہ سنگاپور جیسی بڑی ٹیم کے ہاتھوں قومی ٹیم کو شکست ہوگئی تاہم آج قومی ٹیم پہلا پلیٹ سیمی فائنل کھیلے گی۔

پاکستان سیونز رگبی ٹیم سنگاپور میں ایشین رگبی سیونز ٹورنامنٹ میں شریک ہے جس میں ایشیا کی 13 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، پاکستانی ٹیم کے منیجر سید معظم علی شاہ کے مطابق قومی ٹیم نے پہلے میچ میں برونائی کو 19-5 سے ہرایا، پاکستان کی طرف سے ناصر محمود نے 2، خالد بھٹی نے ایک ٹرائی اسکور کی جبکہ احمد وسیم، ناصر محمود نے ایک ایک کنوریٹرن کی، دوسرے میچ میں پاکستانی ٹیم نے بنگلہ دیش کو 19-12 سے ہرایا۔

پاکستان کی طرف سے کھلاڑیوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ تیسرے اور آخری لیگ میچ میں مضبوط سنگاپور کی ٹیم نے نوجوان پاکستانی ٹیم کو26-7 سے ہرادیا۔ اس طرح پاکستانی ٹیم اب پلیٹ سیمی فائنل کھیلے گی جس میں ان کا مقابلہ اردن سے ہوگا اور اگر پاکستانی ٹیم یہ میچ جیت گئی تو انھیں پلیٹ فائنل میں انڈونیشیا یا ازبکستان میں سے کسی ایک ملک سے مقابلہ کرنا ہوگا۔


سنگاپور سے کوچ شکیل احمد ملک کے مطابق کھلاڑیوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا، سنگاپور کی ٹیم رینکنگ میں ٹاپ ٹیموں میں شامل ہے پھر بھی کھلاڑیوں نے جاندار کھیل کا مظاہرہ کیا،۔

واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کے علاوہ تھائی لینڈ، متحدہ عرب امارات، سنگاپور، ایران ، اردن، بنگلہ دیش، نیپال، قازقستان، برونائی، انڈونیشیا، لاؤس اور ازبکستان کی ٹیمیں شامل ہیں جنھیں 3 پولز میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستانی ٹیم کو پول سی میں سنگاپور، بنگلہ دیش، برونائی اور لاؤس کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

پاکستانی 12 کھلاڑیوں میں احمد وسیم اکرم، محمد شعیب اکبر، کپتان کاشف خواجہ، میاں حمزہ ہمایوں الدین، خالد حسین بھٹی، محمد افضل، داؤد گل، محمد ناصر، محمد وقاص، الطاف مصدق، محمد ہارون اور فیصل اسلم شامل ہیں، ٹیم کے ہیڈ کوچ شکیل احمد ملک، منیجر سید معظم علی شاہ اور فزیو ڈاکٹر محسن ہیں۔

 
Load Next Story