نجم سیٹھی نے دوبارہ ٹی وی پر آنے کا عندیہ دے دیا

میں اورمیری چڑیا بہت جلد نظر آئیں گے،نیب سے کلیئر ہوچکا، چیئرمین پی سی بی

میں اورمیری چڑیا بہت جلد نظر آئیں گے،نیب سے کلیئر ہوچکا، چیئرمین پی سی بی۔ فوٹو: فائل

SUKKUR:
کرکٹ کیلیے صحافت چھوڑنے والے نجم سیٹھی نے دوبارہ ٹی وی پر آنے کا عندیہ دے دیا۔

عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی کے بعد پی سی بی میں بھی تبدیلی کی لہر چلنے کا امکان روشن ہے،اس صورتحال میں ہر کرکٹ شائق چیئرمین نجم سیٹھی کے مستقبل کے بارے میں سوچ رہا ہے،سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ پر ایک صارف نے ان سے کہا کہ ''ہم چاہتے ہیں کہ آپ اور آپ کی چڑیا ٹی وی پر آئیں اور اہم انکشافات کریں،آپ نے چیئرمین پی سی بی کے طور پر بہت اچھا کام کیا ہے''۔ جواب میں نجم سیٹھی نے کہا کہ انشاء اللہ میں اور میری چڑیا بہت جلد ٹی وی پر نظر آئیں گے۔


ایک اور صارف نے کہا کہ ''اگر نیب نے آپ کو کلیئرنس دیدی تو سب سے پہلے میں حمایت کروں گا کہ آپ چیئرمین پی سی بی کے طور پر خدمات جاری رکھیں''۔ جواب میں نجم سیٹھی نے 11مئی2018کو جاری کیا جانے والا لیٹر پیش کردیا جس میں بتایا گیا ہے کہ 17اپریل کو جاری کیے جانے والے احکامات کے تحت چیئرمین پی سی بی اور پی ایس ایل نجم سیٹھی کیخلاف کیس کی چھان بین کی گئی ہے،اس میں کوئی ایسی چیز نہیں پائی گئی کہ جس پر کارروائی کا آغاز کیا جائے، چیئرمین نیب نے اس میں ناٹ فٹ فار ایکشن کا لفظ استعمال کیا،نجم سیٹھی نے یہی الفاظ اپنے پیغام میں درج کردیے۔

 
Load Next Story