قائم علی شاہ سے قونصل جنرلز کی ملاقات کراچی میں امن و امان پر تشویش سے آگاہ کر دیا

شہریوں اورغیر ملکیوں کے تحفظ اورمحفوظ آمدروفت کیلیے اقدامات مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے،قونصل جنرلز چین، جاپان کوریا


Staff Reporter August 14, 2012
شہریوں اورغیر ملکیوں کے تحفظ اورمحفوظ آمدروفت کیلیے اقدامات مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے،قونصل جنرلز چین، جاپان کوریا : فوٹو ایکسپریس

کراچی میں متعین جاپان ، کوریا اور چین کے قونصل جنرلز نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کی ۔ انھوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو کراچی میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق اپنی تشویش سے آگاہ کیا اور کہا کہ حکومت کی جانب سے مربوط اقدامات کے باوجود ابھی بھی انہیں مزید بہتر بنانے کی گنجائش اور ضرورت ہے جوکہ شہریوں کے جان ومال کے تحفظ ، معشیت کے فروغ ، غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تحفظ اورمحفوظ آمدروفت کیلیے ضروری ہے۔

جاپان کے قونصل جنرل ماسا ہاروساتو، کوریا کے قونصل جنرل اکی لی اورچین کے پینگیانگ جیانگ نے اہم مسائل پر روشنی ڈالی اور تجاویز دیں کہ شہر کو اسلحے سے پاک، قانون نافذکرنے والے اداروں کو پٹرولنگ ، شہر کے اہم مقامات پر پولیس اہلکاروں کی موجودگی اور ایف آئی آر کو مناسب طریقے سے قبول کیاجائے اورایسے کیسز کو فوری طورپرحل کیاجائے ۔وزیراعلیٰ نے ان کی تمام تجاویز کو بغور سنا اور کہا کہ سیکیورٹی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

انھوں نے آئی جی پولیس سندھ اور سیکریٹری داخلہ سندھ کو ہدایت کی کہ امن امان کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اورکراچی میں تمام غیر ملکی قونصل خانوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے۔ وزیراعلی ٰ نے قونصل جنرلز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مابین پرانے دوستانہ تعلقات ہیں اور ہم ان تعلقات میں مزید اضافے کے خواہاں ہیں۔

آئی جی پولیس سندھ فیاض لغاری نے اجلاس کو بتایا کہ فارن مشنز کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی سیل تشکیل دیا گیا ہے ۔ دریں اثناء قائم علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ جنگلی حیات ، ماہی گیری ، اور زراعت کے حکام کا اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں ضلع تھرپارکر کے موروں میں این ڈی وی وائرس (رانی کھیت) کے پھیلنے اور ان محکموں کی جانب سے کی گئی احتیاطی تدابیر اور اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں