افغانستان کے دارالحکومت میں غیر ملکی فوجیوں کے قافلے کے قریب خود کش دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک جب کہ 37 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دھماکا مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے ہوا، خودکش حملہ آور نے غیر ملکی فوجیوں کے قافلے کو ہدف بنایا، صوبائی پولیس کے سربراہ کے مطابق دھماکے میں 2 بچوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے تاہم غیر ملکی فوجیوں کی ہلاکتوں کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق دھماکا شدید ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ افغان دارالحکومت میں مارچ کے بعد یہ پہلا بڑا دھماکا ہے۔