ممبئی میں سنجے دت نے عدالتی فیصلے کے تحت گرفتاری دے دی

سنجے دت جیل میں دیگر قیدیوں کے لئے کھانا بنائیں گے اور وہ ہر ماہ گھر کے 5افراد سے صرف 20 منٹ کے لیے مل پائیں گے

2007 میں جیل کی سزا کاٹتے وقت انہیں نے کارپنٹری کا کام دیا گیا تھا جب کہ اس بار وہ قیدیوں کے لئے کھانا پکائیں گے، ڈیزائن: اویس خان

بالی ووڈ کے معروف اداکار سنجے دت نے اپنی باقی سزا پوری کرنے لیے خصوصی "ٹاڈا" کورٹ میں گرفتاری پیش کردی۔



سنجے دت گرفتاری دینے کے لئے عدالت پہنچے تو ان کے ہمراہ اہل خانہ کے علاوہ بالی ووڈ کی نامور شخصیات کے علاوہ ان کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ عدالتی حکم کے مطابق انہیں 3سال 8 ماہ جیل میں عام قیدیوں کی طرح رہنا ہوگا۔ اپنی سزا کے دوران سنجے دت دیگر قیدیوں کے لئے کھانا بنائیں گے جس کے عوض انہیں 25 سے 30 روپے یومیہ اجرت ملے گی، اس سے قبل جب 2007 میں سنجے دت نے جیل کاٹی تھی تو انہوں نے کارپینٹری کا کام کیا تھا، جیل قوانین کے مطابق انہیں گھر والوں سے صرف 1500 روپے ماہانہ لینے کی اجازت ہوگی اور وہ صرف 5 گھر والوں سے 20 منٹ کے لیے مل پائیں گے۔


دوسری جانب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سنجے دت ملکی قوانین کے تحت خاص مدت تک قید کاٹنے کے بعد صدر مملکت سے رحم کی اپیل کرسکیں گے اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ بھارتی صدر انہیں انسانی ہمدردی کے تحت معاف کردیں گے۔


واضح رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے سنجے دت کو 1993 میں ممبئی میں ہونے والے بم دھماکوں کے دوران غیر قانونی اسلحہ رکھنے پر 21 مارچ کو 5سال قید کی سزا سنائی تھی جب کہ یہ سزا انہیں آرمز ایکٹ کے تحت سزا سنائی گئی تھی۔ اداکار سنجے دت کو اپنے آپ کو قانون کے حوالے کرنے کے لئے 18اپریل تک کا وقت دیا تھا تاہم اس دوران سنجے دت نے عدالت سے اپیل کی کہ انہیں اپنی فلموں کی شوٹنگ مکمل کرنے کے لئے مزید کچھ وقت دیا جائے جس پر انہیں مزید 30دن کی مہلت دے دی گئی تھی جو کہ آج ختم ہوگئی۔

Load Next Story