رجسٹرڈ ووٹرز سے زائد ووٹ کاسٹ ہونے کی خبریں بے بنیاد ہیں سیکریٹری الیکشن کمیشن

فافن کی رپورٹ کے مطابق 99.4 فیصد پولنگ اسٹیشنز پر شفاف پولنگ ہوئی جبکہ 0.6 فیصد پر دھاندلی ہوئی، اشتیاق احمد


ویب ڈیسک May 16, 2013
الیکشن ٹریبونل 120روز میں انتخابی شکایتوں کا فیصلہ کریں گے، اشتیاق احمد۔ فوٹو: فائل

سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے کہا ہے کہ پولنگ اسٹیشنز پر رجسٹرڈ ووٹر سے زائد ووٹ کاسٹ ہونے کی رپورٹ بے بنیاد ہیں۔ 3روز میں دھاندلیوں کی 110 شکایات ملیں ہیں جن پر 120 دن میں فیصلہ سنا دیا جائے گا۔

اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران اشتیاق احمد نے کہا کہ موجودہ الیکشن کمیشن وہ ادارہ نہیں رہا جو گزشتہ 50 برسوں سے تھا اب یہ کئی گنا زیادہ معلومات اور ڈیٹا کا حامل ہے،انتخابی نتائج کے اعلان میں تاخیر ہوئی اس کی وجہ یہ تھی کہ اب ہر پولنگ اسٹیشن کا ڈیٹا کمپیوٹرائزڈ ہورہا ہےاور پریزائڈنگ افسر سے ایک ایک بیلٹ پیپر کا حساب لیا جارہا ہے جس کے باعث نتائج کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند واقعات کے علاوہ مجموعی طور پر ملک میں انتخابات شفاف ہوئے ہیں جس کی پوری دنیا نے مبارکباد دی ہے، یورپی یونین اور دیگر مبصرین نے پاکستان میں صاف شفاف انتخابات کی تصدیق کی اور گزشتہ 3روز میں ملک بھر سے دھاندلیوں کے صرف 110 واقعات کی شکایات ملیں ہیں، اس سلسلے میں الیکشن ٹریبونل قائم ہوگئے ہیں جو 120 دنوں میں ان شکایات پر فیصلے سنائیں گے۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ قومیں اداروں سے بنتی ہیں اس کےعلاوہ کسی بھی ریاست میں سول سوسائٹی کے کردار کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) اور الیکشن کمیشن کا مقصد ملک میں صاف ، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد ہے لیکن کسی کی غلط رپورٹس کو کسی صورت میں قبول نہیں کیا جائے گا، فافن کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر کے ہزاروں پولنگ اسٹیشنز میں سے صرف 49 پر رجسٹرڈ ووٹرز سے زائد ووٹ کاسٹ ہوئے جو کل پولنگ اسٹیشنز کا0.6 فیصد بنتا ہے جبکہ 99.4 فیصد پولنگ اسٹیشنز پر شفاف پولنگ ہوئی اور یہ بات انتہائی غور طلب ہے کہ 99.4 کے بجائے 0.6 فیصد حصے کو دیکھا جارہا ہے۔

اشتیاق احمد نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے فافن کی جانب سے ان 49 پولنگ اسٹیشنز میں سے ابتدائی طور پر 11 پولنگ اسٹیشنز کے انتخابی نتائج کو کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا سے جانچ کرائی جس پر ووٹنگ کی شرح 100 فیصد سے بھی زائد رہی ، تحقیقات کے مطابق تمام کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر غلط اعدا و شمار دکھائے گئے کسی بھی پولنگ اسٹیشن پر 74 فیصد سے زائد ووٹر نے حق رائے دہی استعمال نہیں کیا ، اب فافن کا یہ اخلاقی فرض ہے کہ وہ اپنے مبصرین سے اس حوالے سے باز پرس کرے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں