عمران خان نے این اے 131 میں دوبارہ گنتی کا لاہورہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کردیا

سعد رفیق کی ہائی کورٹ میں درخواست قابل سماعت نہیں تھی، درخواست گزار کا موقف


ویب ڈیسک August 06, 2018
سعد رفیق کی ہائی کورٹ میں درخواست قابل سماعت نہیں تھی، درخواست گزار کا موقف

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 131 میں لاہور ہائی کوٹ کی جانب سے دوبارہ گنتی کے فیصلے کو چیلنج کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این 131 لاہور میں اپنے مخالف مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سعد رفیق کو بہت کم مارجن سے شکست دی تھی جس پر سابق وزیرریلوے نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست کی۔

الیکشن کمیشن نے این اے 131 لاہور میں صرف مسترد شدہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا جس میں عمران خان کی جیت برقرار رہی تاہم سعد رفیق نے فیصلہ تسلیم نہیں کیا اور اس سلسلے میں لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

سعد رفیق نے لاہور ہائی کورٹ میں عمران خان کی جیت کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے دوبارہ گنتی کی درخواست کی جس پر عدالت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو این اے 131 لاہور سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹی فکیشن روکنے اور ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا گیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ ہائیکورٹ کا عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کردیا، سپریم کوٹ میں دائر درخواست میں درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سعد رفیق کی ہائی کورٹ میں درخواست قابل سماعت نہیں تھی، ہائیکورٹ نے آئین اور قانون کے برعکس دوبارہ گنتی کا حکم دیا لہذا لاہور ہائیکورٹ کاووٹوں کی دوبارہ گنتی کا فیصلہ کالعدم قراردیا جائے۔

واضح رہے این اے 131 لاہور میں عمران خان نے 84313 جب کہ خواجہ سعدرفیق نے 83633 ووٹ حاصل کیے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔