عمران خان سرکاری ہیلی کاپٹر کیس میں نیب کے سامنے پیش

نیب جے آئی ٹی نے تقریبا ایک گھنٹہ تک پی ٹی آئی چیرمین سے تفتیش کی


ویب ڈیسک August 07, 2018
عمران خان پر خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر 74 گھنٹے استعمال کرنے کا الزام ہے فوٹو:فائل

سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کے کیس میں پی ٹی آئی کے چیرمین اور وزارت عظمیٰ کے نامزد امیدوار عمران خان قومی احتساب بیورو (نیب) کے سامنے پیش ہوگئے۔

عمران خان بنی گالا سے بذریعہ ہیلی کاپٹر پشاور ائرپورٹ پہنچے، جہاں سے وہ بغیر پروٹوکول نیب خیبرپختون خوا کے ہیڈ کوارٹر پہنچ گئے۔ عمران خان کے وکیل بابر اعوان بھی ان کے ہمراہ ہیں جبکہ معاون خصوصی عون چوہدری کو نیب گیٹ پر روک لیا گیا اور اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ عمران خان دوپہر 1.25 پر نیب پہنچے اور 2.35 منٹ پر واپس روانہ ہوگئے۔ جے آئی ٹی نے ان سے تقریبا ایک گھنٹہ تفتیش کی۔

نیب نے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کی تحقیقات کے لیے عمران خان کو طلب کیا ہے۔ کیس میں سابق وزیراعلیٰ پرویزخٹک، سرکاری افسران اور سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام کے بیانات بھی قلمبند کیے جاچکے ہیں۔ نیب کی جانب سے آج عمران خان کا بیان قلمبند کیا جائے گا۔

قومی احتساب بیورو نے پوچھ گچھ کیلئے 5 رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے جس کے سامنے عمران خان اپنا بیان قلمبند کرائیں گے۔ ان سے یہ بھی پوچھا جائے گا کہ انہوں نے ہیلی کاپٹر ذاتی یا سرکاری مفاد میں استعمال کیا؟۔ عمران خان پر خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر 74 گھنٹے استعمال کرنے کا الزام ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چیئرمین نیب نے عمران خان کے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کا نوٹس لے لیا

عمران خان کی آمد کے پیش نظر نیب دفتر کے باہر خصوصی سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ بھی تعینات ہے۔ تحریک انصاف کی جانب سے ہیلی کاپٹر اسکینڈل کی تحقیقات کو خوش آئند قرار دیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں