شری شانتھ پر کرکٹ کے دروازے ہمیشہ کیلیے بند ہونگے

چند گندے انڈوں کی وجہ سے آئی پی ایل کو مورد الزام نہیں ٹھہرایا جاسکتا، سری نواسن

بنگلور: اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سامنے آنے پر غضبناک شائقین شری شانتھ کاپتلا نذرِ آتش کررہے ہیں۔ فوٹو: فائل

بھارتی کرکٹ بورڈ نے شری شانتھ پر کرکٹ کے دروازے ہمیشہ کیلیے بند کرنے کی تیاری کرلی۔

اسپاٹ فکسنگ کے الزامات درست ثابت ہوتے ہی کیرالا کے فاسٹ بولر کا کرکٹ سے ناطہ ٹوٹ جائے گا، بی سی سی آئی کے صدر این سری نواسن کا کہنا ہے کہ چند گندے انڈوں کی وجہ سے آئی پی ایل کو موردالزام نہیں ٹھہرایا جاسکتا۔ تفصیلات کے مطابق آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے مرکزی کردار شری شانتھ کا کرکٹ میں مستقبل انتہائی تاریک دکھائی دے رہا ہے، بی سی سی آئی نے لیگ کی ساکھ بچانے کیلیے انھیں عبرتناک سزاد ینے کا فیصلہ کرلیا،ان پر تاحیات پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔




اس وقت بی سی سی آئی کے ٹاپ حکام دہلی پولیس کی اس معاملے پر ہونے والی تفتیش پر نظر رکھے ہوئے ہیں، یہ بات یقینی ہے کہ اگر کیرالا سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر کے خلاف اسپاٹ فکسنگ کا جرم ثابت ہوگیا تو انھیں پوری زندگی کسی بھی لیول پر کرکٹ سے دوبارہ منسلک ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بورڈ کے اپنے اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ روی سوامی نے بھی اس معاملے پر تحقیقات شروع کردیں، وہ اپنی رپورٹ بی سی سی آئی کی ڈسپلنری کمیٹی کو 30 دن کے اندر دیں گے۔

بورڈ کے ایک آفیشل کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی حکام کا اس بارے میں موڈ واضح ہے کہ اگر ہم کہتے ہیں کہ ہم کرپشن کے بارے میں عدم برداشت کی پالیسی رکھتے ہیں تو پھر ہمیں اس کا ثبوت بھی دینا ہوگا، ہم شری شانتھ کو تاحیات پابندی سے کم سزا دینے کے بارے میں نہیں سوچ رہے ہیں۔ دوسری جانب بی سی سی آئی کے صدر این سری نواسن کا کہنا ہے کہ میں خود راجستھان رائلز کے پلیئرز کے خلاف کرپشن کے الزامات پر حیران ہوں لیکن چند گندے انڈوں کی وجہ سے پوری آئی پی ایل پر الزام دھر دینا انصاف نہیں، بی سی سی آئی کی جانب سے پانچ ڈومیسٹک پلیئرز پر پابندی کے باوجود آئی پی ایل میں کرپشن کا ایک اور واقعہ سامنے آنے پر مجھے کافی افسوس ہوا۔
Load Next Story