ویمنز ہاکی ورلڈکپ نیدرلینڈز نے 8 ویں مرتبہ تاج اپنے سر سجا لیا

دفاعی چیمپئن نے پہلی مرتبہ فائنل میں رسائی پانے والی آئرش ٹیم کو 6-0 سے آئوٹ کلاس کیا

وین میل 8 گولز کے ساتھ ایونٹ کی ٹاپ اسکورر رہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا

نیدرلینڈز نے آئر لینڈ کو 6-0 سے ہرا کر ویمنز ہاکی ورلڈ کپ میں ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرتے ہوئے ریکارڈ 8 ویں مرتبہ تاج اپنے سر سجا لیا۔

کوئین الزبتھ پارک میں لی ویلی ہاکی سینٹر میں منعقدہ فائنل میں دفاعی چیمپئن نیدر لینڈز اور ایونٹ کی دوسری کمزور ترین ٹیم آئرلینڈ مدمقابل ہوئیں، نیدر لینڈ کی ٹیم پورے میچ میں حریفوں پر بھاری رہی اور پے درپے حملے کیے جس میں انھیں کامیابی ملی، لیڈوج ویلٹن نے7 ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے دفاعی چیمپئنز کو برتری دلائی، 19ویں منٹ میں کیلی جونکر نے گیند کو جال میں پھینک کر ٹیم کی برتری دگنی کردی۔

نیدر لینڈز نے صرف7 منٹ میں ہی 4 مرتبہ گیند کو گول پوسٹ کی سیر کرائی، دوسرے کوارٹر کے اختتامی لمحات میں کیٹی وین میل اور مالو فیننسک نے 2 منٹوں میں 2 گول کرتے ہوئے اسکور 4-0 کر دیا۔


تیسرے کوارٹر کے دوسرے ہی منٹ میں مارلوس کیٹلز نے گول کیا جبکہ 2 منٹ بعد ہی سائیا وین ماساکر نے حریف ٹیم کا دفاع پاش پاش کرتے ہوئے میچ کا آخری گول داغا، کیٹی وین میل 8 گولز کے ساتھ ایونٹ کی ٹاپ اسکورر رہیں۔

واضح رہے کہ رینکنگ میں 16 ویں نمبر پر موجود آئرلینڈ کی ٹیم نے 2002 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں شرکت کی، اس سے قبل ورلڈ کپ 1994 میں 11 ویں پوزیشن آئرش ٹیم کی بہترین کارکردگی تھی، آئرش ٹیم نے اولمپک چیمپئن انگلینڈ کی موجودگی میں گروپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی، پہلی مرتبہ ورلڈ کپ فائنل میں رسائی حاصل کرنے کا صلہ آئر لینڈ کو رینکنگ میں ٹاپ 10 میں شامل ہونے کی صورت میں ملنے کا امکان ہے۔

آئرش ٹیم کے کوچ گراہم شا نے کہاکہ دنیا کی بہترین ٹیم کے خلاف شکست سے ہمیں بہت سے سبق ملے ہیں، اپنی غلطیوں سے سبق سیکھنے کی کوشش کریں گے، انھوں نے کہاکہ فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی اپنی ٹیم پر فخر ہے، وہ پوری دنیا کی ٹیموں میں دوسرے نمبر پر رہیں، فاتح ٹیم نے شاندار کھیل پیش کیا اور وہ کامیابی کی مستحق تھی۔

 
Load Next Story