الیکشن میں نئے طریقے سے دھاندلی ہوئی پتنگ کو بلے میں تبدیل کیا گیا فاروق ستار

جہاں جہاں ایم کیو ایم کی برتری تھی وہاں بلے کے نشان والے بیلٹ پیپر ڈالے گئے، فاروق ستار

جن پولنگ اسٹیشن پر ایم کیوایم کو ہرانا تھا وہاں کیمرے بند کردیے گئے، فاروق ستار ؛ فوٹو: فائل

ایم کیوایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹرفاروق ستار کا کہنا ہے کہ عام انتخابات 2018 میں ایک نئے انداز سے دھاندلی کی گئی اور تحریک انصاف کو سیٹیں تھالی میں ڈال کر دی گئیں۔

کنور نوید جمیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے متحدہ کے رہنما فاروق ستار کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں دھاندلی کا نیا طریقہ ایجاد کیا گیا اور تحریک انصاف کو تھالی میں ڈال کر سیٹیں دی گئیں، پتنگ کے ووٹ کو بلے میں تبدیل کیا گیا، سینکڑوں پریذائیڈنگ اداروں نے ہمیں اندر کی کہانی سنائی ہے، خوف کے مارے پریذائڈنگ آفیسر عدالت میں بیان دینے کے لئے تیار نہیں ہیں خوف خدا رکھنے والے آفیسرعدالت میں گواہی دیں۔


فاروق ستار کا کہنا تھا کہ جن پولنگ اسٹیشن پر ایم کیوایم کو ہرانا تھا ان پولنگ اسٹیشن کے کیمرے بند کردیے گئے، اور جہاں جہاں ایم کیو ایم کی برتری تھی وہاں بلے کے نشان والے بیلٹ پیپر ڈالے گئے اور مخالف امیدوار کو برتری منتقل کی گئی، برتری کی منتقلی کا عمل نتائج میں 5 گھنٹے کا وقفہ کرکے کیا گیا، اور ہمیں ہرانے کے لئے آر ٹی ایس سسٹم کو بند کردیا گیا، سسٹم کو بند کرنے کی تحقیقات کرائی جائیں۔

رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ پریذائیڈنگ اور آر اوز کے دیے گئے فارم 45 میں ووٹوں کو بہت فرق ہے جب کہ فارم 45 پرپولنگ ایجنٹس کے دستخط ہی نہیں، ایسے الیکشن کو کیسے قبول کیا جاسکتا ہے؟ بیلٹ پیپر کے آڈٹ سے ثابت ہوجائے کہ بیلٹ پیپر کا ناجائز استعمال ہوا ہے، الیکشن کمیشن کا قانون ہے کہ کوئی پولنگ ایجنٹس فارم لینے سے انکار کرے تو اس کو لکھا جائے گا لیکن کسی بھی پریذائیڈنگ آفیسر نے کہیں نہیں لکھا کہ پولنگ ایجنٹس فارم 45 نہیں لے رہے۔

کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ نے بھی فارم 45 پر سوال اٹھا دیا ہے آراوز نے فارم 45 کی تصدیق شدہ کاپیاں کیوں نہیں دی گئیں۔
Load Next Story