پاکستان میں 12 برس بعد ایشین گالف ایونٹ ہوگا

اکتوبر میں شیڈول مقابلوں کیلیے درکار 6 کروڑ 50 لاکھ روپے کا انتظام، بھارت سمیت ایشیاکے پروفیشنل گالفرز شریک

اکتوبر میں شیڈول مقابلوں کیلیے درکار 6 کروڑ 50 لاکھ روپے کا انتظام، بھارت سمیت ایشیاکے پروفیشنل گالفرز شریک

پاکستان میں 12برس کے تعطل کے بعد ایشین ٹور گالف ایونٹ کا انعقاد ہوگا پروفیشنل گالف ایسوسی ایشن کے سرکٹ میں شامل پروفیشنل گالفرز کے اس ایشیائی ایونٹ میں معروف انٹرنیشنل گالفرز شرکت کریں گے۔

اکتوبر میں شیڈول ان مقابلوں کیلیے درکار 6 کروڑ 50 لاکھ روپے کا انتظام کرلیا گیا ہے جبکہ ایونٹ میں شرکت کیلیے آنے والے غیرملکی گالفرز کو بہترین سیکیورٹی فراہم کی جائیگی، اس امر کا اظہار پاکستان گالف فیڈریشن کے نائب صدر اور اور سندھ گالف ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اسد آئی اے خان نے نمائندہ ''ایکسپریس'' سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، انھوں نے بتایاکہ قومی فیڈریشن کی خصوصی کاوشوں اور پاکستان نیوی کی گہری دلچسپی کے نتیجے میں پاکستان میں 12برس کے بعد ایشین ٹور گالف کا انعقاد ممکن ہوگیا، کراچی گالف کلب میں شیڈول چیف آف نیول اسٹاف گالف ٹورنامنٹ کو ایشین ٹور کا نام دیا گیا۔


جس میں بھارت سمیت ایشیا کے پروفیشنل گالفرز اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں گے، یہ چوتھا موقع ہے کہ ایشین ٹور کو پاکستان کو میزبانی ملی ہے، پاکستان میں پہلا ایشین ٹور گالف ٹورنامنٹ 1989 میں لاہور میں منعقد ہوا تھا جو فلپائن کے معروف انٹرنیشنل گالفر فرینکی مینوزا نے جیتا تھا، بعدازاں دوسرا ایشین ٹور 2005 میں کراچی میں منعقد ہوا جبکہ اگلے برس 2006 میں ایک مرتبہ پھر پاکستان کو میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا، یہ ایونٹ کراچی گالف کلب میں منعقد ہوا تھا، تاہم پاکستان میں دہشت گردی کی لہر میں آنے کے سبب سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر2008 میں ایونٹ کی میزبانی واپس لے لی گئی تھی، اسد آئی اے خان کے مطابق ملک کے حالات بہتر ہونے کے بعد ٹور کے منتظمین نے پاکستان کی جانب سے دی جانے والی یقین دہانیوں اور پریذینٹیشن کو قبول کرتے ہوئے میزبانی تفویض کی۔

بوجوہ مؤخر ہونے کے بعد اب ایونٹ اکتوبر میں کراچی گالف کلب میں منعقد ہوگا، اس ایونٹ کے مجموعی اخراجات کی رقم 6 کروڑ 50 لاکھ روپے کے لگ بھگ ہے جس میں 3 کروڑ روپے کی انعامی رقم بھی شامل ہوگی، اس ضمن میں مطلوبہ رقم کا تقریباً اہتمام ہوچکا ہے، ایونٹ کے شایان شان انعقاد کیلیے پاکستان گالف فیڈریشن کے تعاون سے کراچی گالف کلب کی انتظامیہ نے مختلف کمیٹیاں تشکیل دیدی ہیں، ایک سوال کے جواب میں اسد آئی اے خان نے کہا کہ ایشین ٹور میں 40 سے 60 انٹرنیشنل گالفرز شرکت کرینگے جبکہ بہترین سیکیورٹی انتظامات کا اہتمام سب سے زیادہ اہم ہے، اس ضمن میں حکومت پاکستان اور متعلقہ اداروں سے بھرپور رابطے جاری ہیں۔

این اوسی کیلیے متعلقہ وزارتوں سے رجوع کیا گیا ہے، اس حوالے سے جلد مثبت جواب متوقع ہے، اسد آئی اے خان نے کہا کہ پاکستان میں ایشین ٹور گالف ایونٹ کی 12 برس واپسی خوش آئند ہے، یہ ملک میں انٹرنیشنل اسپورٹس کی راہیں کھولنے میں معاون و مددگار ثابت ہوگا، ان مقابلوں کے انعقاد سے ملک میں گالف کو فروغ ملے گا جبکہ پاکستانی گالفرز کو بھی تقویت میسر آئیگی، دریں اثنا ایشین ٹور کے سی ای او جوش براک کا کہنا ہے کہ ہمارے بہترین انٹرنیشنل پاکستان کا رخ کرنے کیلیے بہت پُرجوش ہیں،امید ہے کہ ایونٹ کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔
Load Next Story