سپریم کورٹ نے این اے 131 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم معطل کردیا

این اے131 کا نتیجہ آچکا ہے پھرحلقے کی نمائندگی کیسے روک سکتے ہیں، چیف جسٹس

این اے 131 میں عمران خان نے خواجہ سعد رفیق کو انتہائی کم مارجن سے شکست دی تھی فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے لاہورکے حلقہ این اے 131 میں ووٹوں کی گنتی سے متعلق لاہورہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کردیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق لاہورہائی کورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 131 پرخواجہ سعد رفیق کی درخواست پر ووٹوں کی گنتی کا حکم دیا تھا تاہم حلقے میں غیرسرکاری طورپرکامیاب قرار دیئے گئے عمران خان نے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔


چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں سپریم کورٹ کے بنچ نے عمران خان کی درخواست کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے استفسارکیا کہ حلقے کا نتیجہ آچکا ہے، اس صورت میں حلقے کی نمائندگی کیسے روک سکتے ہیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن کے معاملات میں ہائی کورٹ کیسے مداخلت کرسکتی ہے۔

سعد رفیق کے وکیل نے عدالت کے روبروموقف اختیار کیا کہ عمران خان نے نشست برقرار رکھی تو ٹربیونل سے رجوع کریں گے، جیت کا مارجن 5 فیصد سےکم ہو تو دوبارہ گنتی ہوسکتی ہے، ریٹرننگ افسر کو دوبارہ ووٹوں کی گنتی کرنے کا اختیارہے۔ عمران خان نے بھی تمام حلقے کھولنے کا کہا تھا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ سیاسی تقریر ہے اور اس کا سیاسی طور پر جائزہ لیں گے۔ سپریم کورٹ نے عمران خان کی درخواست باقاعدہ سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کردیا۔

واضح رہے کہ این اے 131 میں عمران خان نے خواجہ سعد رفیق کو انتہائی کم مارجن سے شکست دی تھی۔ لاہور ہائی کورٹ نے سعد رفیق کی درخواست پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا اور تاحکم ثانی حلقے سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کرنے سے روک دیا تھا۔
Load Next Story