سنجے دت کا جیل کی’’انڈا سیل‘‘ میں دم گھٹنے لگا عدالت سے دوسرے سیل منتقل کرنے کی اپیل

ہوا اور روشنی کا گزر نہ ہونے کے باعث سنجے کا اس سیل میں دم گھٹ رہا ہے، وکیل رضوان مرچنٹ

سنجے دت کو جس سیل میں رکھا گیا ہے وہاں دہشت گردی اور سنگین جرائم میں ملوث مجرموں کو رکھا جاتا ہے،وکیل رضوان مرچنٹ۔ فوٹو: اے ایف پی

اداکار سنجے دت کو سینٹرل جیل میں ایک انڈے نما چھوٹے سے سیل میں قید کیا گیا ہے جہاں دہشت گردوں اور سنگین جرائم میں ملوث مجرموں کو رکھا جاتا ہے۔

سنجے دت کے وکیل رضوان مرچنٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ ہوا اور روشنی کا گزر نہ ہونے کے باعث سنجے کا اس سیل میں دم گھٹ رہا ہے لہٰذا انہیں اس سیل سے کسی دوسرے سیل منتقل کیا جائے، ان کا کہنا تھا کہ سنجے دت کو جس سیل میں رکھا گیا ہے وہاں دہشت گردی اور سنگین جرائم میں ملوث مجرموں کو رکھا جاتا ہے۔


وکیل رضوان مرچنٹ نے کہا کہ سنجے دت دہشت گرد نہیں ہیں اور انہیں ٹاڈا قانون کے تحت مجرم نہیں ٹھہرایا گیا بلکہ انہیں اسلحہ ایکٹ کے تحت سزا سنائی گئی ہے، جج جی اے سناپ نے سنجے کے وکیل سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں تحریری درخواست عدالت میں جمع کرائیں جس کے بعد عدالت استغاثہ کو سنے گی اوراس کے بعد ہی کوئی حکم جاری کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ سنجے دت نے گزشتہ روز ٹاڈا عدالت کے سامنے گرفتاری پیش کی تھی جس کے بعد انہیں ممبئی کی آرتھر روڈ پر واقع سینٹرل جیل منتقل کر دیا گیا تھا، سنجے دت کو 1993 کے بم دھماکوں میں ملوث ملزمان کا اسلحہ گھر میں چھپانے کے جرم میں 2006 میں ٹاڈا عدالت کی جانب سے 6 سال کی سزا سنائی گئی تھی جسے رواں سال مارچ میں سپریم کورٹ کی جانب سے کم کر کے 5 سال کر دیا گیا تھا، سنجے دت 18 ماہ جیل میں گزار چکے ہیں لہٰذا اب انہیں اپنی بقیہ سزا کے دن جیل میں گزارنے ہوں گے۔

Recommended Stories

Load Next Story