پی آئی اے کے طیارے میں اے سی سسٹم خراب نومولود بچہ بے ہوش

ماں طیارے کا دروازہ کھلوانے کی التجا کرتی رہی لیکن پی آئی اے کا عملہ تماشا دیکھتا رہا


ویب ڈیسک August 08, 2018
پیرس ایئرپورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ میلان سے پیرس تاخیر سے پہنچا تھا

پیرس سے اسلام آباد آنے والی قومی ایئرلائن کی پروازمیں اے سی سسٹم کی خرابی کی وجہ سے نومولود بچہ بے ہوش ہوگیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق پیرس ایئرپورٹ پر اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے 750 میں روانگی کے وقت اے سی سسٹم میں خرابی ہوگئی۔ پیرس ایئرپورٹ پرجہاز کے دروازے بند کردیئے گئے، طیارے میں حبس اور گرمی کی وجہ سے مسافر بلبلا اٹھے۔

طیارے میں ایک نومولود بچہ بھی ماں کے ہمراہ موجود تھا ۔ شدید گرمی کے باعث بچہ بے ہوش ہوگیا۔ بچے کے بیہوش ہونے پر بچے کی ماں چیخنے چلانے لگی، خاتون کی جانب سے بار بار دروازہ کھلوانے کی التجا کی گئی، پی آئی اے کا عملہ تماشا دیکھتا رہا اور جہازکے دروازے نہیں کھولے گئے۔

پرواز مجموعی طور پر 2 گھنٹے 40 منٹ تاخیر کا شکار رہی ۔ طیارے میں مسافروں کے شور شرابہ کرنے پر کپتان نے اے ٹی سی سے ہنگامی بنیادوں پر اڑان بھرنے کی اجاز ت طلب کی، پیرس ایئرپورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ میلان سے پیرس تاخیرسے پہنچا تھا جس کی وجہ سے اس کو اسلام آباد اڑان بھرنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیرس میں پی آئی اے کی انتظامیہ مبینہ غفلت کے باعث طیارے میں دو اے سی وین کے بجائے ایک اے سی وین لگائی گئی تھی جو کہ ناکافی تھی۔

دوسری جانب ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی کسی بھی بین الاقوامی فلائٹ پراس نوعیت کا واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں