کراچی فائرنگ سے اے این پی کے عہدیدارسمیت6افرادہلاک

بنارس میںامیرسردارکی بیٹھک پرفائرنگ،دوکارکنان بھی مارے گئے،علاقے میں کشیدگی

بنارس میںامیرسردارکی بیٹھک پرفائرنگ،دوکارکنان بھی مارے گئے،علاقے میں کشیدگی

KARACHI:
کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں عوامی نیشنل پارٹی کے عہدیدارسمیت6افرادہلاک،8 زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق پیرآبادکے علاقے بنارس خیبرچوک کے قریب واقعے سیکریٹری ہوٹل والی گلی میں4مسلح ملزمان نے اے این پی کے رہنماکی بیٹھک پراندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں4 افرادشدیدزخمی ہوگئے،

اے این پی ڈسٹرکٹ ویسٹ کے سیکریٹری اطلاعات زمان خان اچکزئی نے بتایاکہ زخمی ہونے والے عوامی نیشنل پارٹی سینٹرل کمیٹی کے ممبر اور سائٹ ٹاؤن یوسی7 کے سابق ناظم48 سالہ امیرسردار نے نارتھ ناظم آباد میں واقع نجی اسپتال میں دم توڑدیا،مقتول کو 5 گولیاں لگی تھیں،انھوں نے بتایا کہ دیگر اسپتالوں میں بھی زیر علاج اے این پی کے 2 کارکنان بخت نواب اور رحمت علی عرف طورخان نے بھی دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر راہ گیر زاہد خان بھی ہلاک ہوا ہے جس کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ موٹر سائیکل میکنک تھا اور فرنٹیئر کالونی کا رہائشی تھا،

واقعے کی اطلاع ملتے ہیں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما،عہدیدار اورکارکنان کی بڑی تعداد اسپتال پہنچ گئی اور واقعے پرشدید غم وغصے کا اظہار کیا ، زمان خان نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے امیر سردارکاشماراے این پی کے پرانے کارکنان میں ہوتاتھاجبکہ ان کاآبائی تعلق سوات سے تھا،انھوں نے مزید بتایاکہ مقتول امیر سردارکابیٹا جہانگیر یوسی 7 کا جنرل سیکریٹری ہے،اے این پی کے رہنما اور کارکنان کی ہلاکت کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور نامعلوم افراد کی جانب سے شدید ہوائی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا جبکہ دکانیں و کاروبار بند ہوگیا،

آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں بدستور کشیدگی پھیلی ہوئی تھی اوروقفے وقفے سے فائرنگ کی آوازیں سنائی دے رہیں تھیں۔ نبی بخش تھانے کی حدود گارڈن آفیسرکالونی موڑ کے قریب سے بوری میں بند شخص کی لاش ملی،ایس ایچ او نبی بخش نصیر الدین نے بتایا کہ بوری کے اندر موجود شخص کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں اسے سر میں دو گولیاں مار کر قتل کردیا انھوں نے بتایا کہ مقتول نے ہلکی نیلی دھاری دارشرٹ پہن رکھی تھی اور اس کے چہرے پر ہلکی داڑھی بھی ہے تاہم مقتول کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت میں کوئی مدد مل سکے،


جٹ لین میں گھریلو جھگڑے کے دوران ہونے والی فائرنگ سے22سالہ محمد وقاص شدید زخمی ہوگیا جسے جناح اسپتال لے جایاگیا جہاں وہ ہلاک ہوگیا، تفتیشی افسر محمد قمر نے بتایا کہ پولیس نے مقتول کے باپ محمد عباس کی مدعیت میں ملزمان الیاس، محمد علی، وحید اس کے بیٹے ضیاء عمیر اور اس کے بھائی عدیل کے خلاف ایف آئی آر نمبر207/2012کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے،انھوں نے بتایاکہ مقتول باپ کااپنے بھائیوں اور دیگر رشتے داروں کے ساتھ مکان کی ملکیت کا تنازع چل رہا ہے تاہم تمام ملزمان فرارہوگئے ہیں،

پی آئی بی کالونی تھانے کی حدودمارٹن روڈکے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے سینٹرل جیل کااہلکار40سالہ حافظ جادل شدید زخمی ہوگیا،مومن آباد تھانے کی حدودتوحید محلہ نورانی مسجدکے قریب فائرنگ سے عمرزادہ زخمی ہوگیا۔دریں اثنا بلال کالونی کے علاقے نیو کراچی سیکٹر 5-J میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے سنی تحریک کا کارکن 30 سالہ احمد علی زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لیجایا گیا واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کرلیا ،

سائٹ بی کے علاقے شیر شاہ پل ہارون آباد کے قریب فائرنگ سے 42سالہ حسنین میمن اور اس کا بیٹا 15سالہ قادر زخمی ہوگئے جنھیں طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لایا گیا ، پولیس کا کہنا ہے زخمی حسنین میمن صنعتکار اور بہادر آباد کا رہائشی ہے جبکہ ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر باپ بیٹے کو فائرنگ کر کے زخمی کیا ہے ، بلدیہ ٹاؤن کے علاقے میں ڈاکوؤں نے مزاحمت 24 سالہ شہزاد کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا سینئر ایم ایل او ڈاکٹر آفتاب چنڑ نے بتایا کہ زخمی کو دل کے قریب گولی لگی ہے جو دوسری جانب سے پار ہوگئی تاہم اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ،

سمن آباد کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 17 انچولی کے قریب فائرنگ سے 30 سالہ آدم خان زخمی ہوگیا جسے عباسی شہید اسپتال لایا گیا ، بریگیڈ کے علاقے ابن سینا لین میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت پر 28 سالہ راشد کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لایا گیا ۔

Recommended Stories

Load Next Story