نجم سیٹھی کو تاحال حکومتی سپورٹ نہیں مل سکی

آئندہ چند روز میں بھی صورتحال یہی رہی تو مستعفی ہو جائیں گے،ذرائع


Saleem Khaliq August 09, 2018
آئندہ چند روز میں بھی صورتحال یہی رہی تو مستعفی ہو جائیں گے،ذرائع۔ فوٹو:فائل

نجم سیٹھی کو اننگز جاری رکھنے کیلیے تاحال حکومتی سپورٹ نہیں مل سکی۔

عمران خان اور نجم سیٹھی کے تعلقات کافی عرصے سے کشیدہ ہیں، عام انتخابات میں تحریک انصاف کی فتح کے بعد عام تاثر یہی ہے کہ چیئرمین پی سی بی کو عہدے سے ہٹا دیا جائے گا،ان کے قریبی ذرائع کہتے ہیں کہ تاحال کسی حکومتی شخصیت نے رابطہ کر کے یہ نہیں کہا کہ کام جاری رکھیں، اگر صورتحال برقرار رہی تو غیریقینی کے اس ماحول میں استعفیٰ ہی ان کی ترجیح ہوگی۔

گزشتہ دنوں بھی انھوں نے اس آپشن پر غور کیا تو قریبی رفقا نے مشورہ دیا کہ ابھی عمران خان کو بطور وزیر اعظم حلف تو اٹھانے دیں، کرکٹ ان کی ترجیحات میں شامل نہیں ہوگی ۔ لہذا انتظار کریں۔

دوسری جانب بعض لوگوں نے یہ بھی کہا کہ نئی حکومت آتے ہی انھیں عہدے سے ہٹا دیا جائے گا لہذا ازخود مستعفی ہو جائیں، حال ہی میں اپنے اخبار میں انھوں نے جو اداریے لکھے اور ٹویٹس کیں اس سے ایسا لگتا ہے کہ وہ خود زیادہ پُرامید نہیں اور کشتیاں جلاتے جا رہے ہیں۔ صورتحال واضح نہ ہونے کی وجہ سے چیئرمین گومگوں کی کیفیت میں ہیں، دوسری جانب بورڈ ملازمین میں بھی غیریقینی سے بے چینی کی لہر پائی جاتی ہے۔

نجم سیٹھی کے قریبی ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں کہ وہ اگر پی سی بی میں برقرار رہے تب بھی ٹی وی پرسیاسی شو دوبارہ شروع کرنے کا ارادہ اٹل ہے، اس حوالے سے ان کی بعض چینلز سے بات چیت بھی جاری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں