تحریک انصاف کی اٹارنی جنرل کو برقرار رکھنے کی پیشکش

عمران خان نے نظام انصاف کوبہتربنانے پر اٹارنی جنرل سے رائے معلوم کی۔

عمران خان نے نظام انصاف کوبہتربنانے پر اٹارنی جنرل سے رائے معلوم کی۔ فوٹو : فائل

پاکستان تحریک انصاف نے موجودہ اٹارنی جنرل خالد جاوید خان کواپنی حکومت بننے کے بعدعہدہ پر کام جاری رکھنے کی پیشکش کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق اٹارنی جنرل نے بدھ کوپاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے بنی گالہ میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں پارٹی رہنما چوہدری فوادحسین اور اسد عمر بھی موجود تھے۔ معلوم ہوا ہے کہ اس موقع پرعمران خان نے نظام انصاف کوبہتربنانے پر اٹارنی جنرل سے رائے معلوم کی۔


خیال رہے کہ اٹارنی جنرل کا عہدہ کسی بھی حکومت کیلئے اہم ہوتا ہے کیونکہ اسے انتظامیہ اورعدلیہ کے مابین پل کاکردار ادا کرنا ہوتا ہے،اس وقت پاکستان کومختلف بین الاقوامی فورمز پرکئی مقدمات کاسامنا ہے اور اس تناظر میں بھی اٹارنی جنرل کے عہدہ کی اہمیت بڑھ جاتی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ عمران خان نے بین الاقوامی فورمز پرکارکے رینٹل پاورکیس،ریکوڈک میں آنے والے فیصلوں پرتشویش کااظہارکیا ۔ان دونوں مقدمات کے حتمی فیصلے اگلے سال آنا ہیں ۔پاکستان تحریک انصاف کی اقتصادی ٹیم چیئرمین عمران خان کوبین الاقوامی فورمز پرپاکستان کیخلاف مقدمات کے مالی نقصانات سے متعلق بریفنگ دے چکی ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت بین الاقوامی عدالتوں اورثالثی فورمز پر پاکستان کیخلاف 32مقدمات زیر سماعت ہیں۔
Load Next Story