سینیٹ داخلہ کمیٹی آر ٹی ایس خرابی کی تحقیقات پارلیمانی کمیشن سے کرانے کا اعلان

نادراسے 20اگست کوبریفنگ طلب،الیکشن کمیشن کوسوالنامہ بھیج دیا،آر ٹی ایس کابیک اپ موجود تھا،ڈی جی آئی ٹی


Numainda Express August 09, 2018
ہوم سیکریٹریزکوڑے سے برآمدبیلٹ پیپرزکی انکوائری کریں،چولستان میں قتل 3بچیوں پرجے آئی ٹی بنائی جائے،رحمن ملک ۔ فوٹو:فائل

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی اورالیکشن کے روز رزلٹ ٹرانسمشن سسٹم کی خرابی کی پارلیمانی کمیشن سے تحقیقات کرانے کااعلان کیا ہے اور الیکشن کے بعد بیلٹ پیپرزکوڑے سے برآمد ہونے کی تمام ہوم سیکریٹریز کو انکوائری کرنے کی ہدایت کی ہے۔

قائمہ کمیٹی نے کہاکہ نئی قومی اسمبلی کے اسپیکرکوپارلیمانی کمیشن قائم کرنے کا کہیں گے۔سینیٹررحمن ملک کی سربراہی میں کمیٹی اجلاس میں رزلٹ ٹرانسمشن سسٹم اور رزلٹ منیجمنٹ سسٹم کی خرابی کے معاملے پرتفصیلی غوروخوص کیاگیا۔

رحمن ملک نے کہا کہ نتائج ڈیٹا کی سافٹ کاپی نادرا کے پاس اور ہارڈکاپی ہمارے پاس آئی، بتایا جائے الیکشن کمیشن نے ڈیٹا ہینڈلنگ،سیکیورٹی کو محفوظ بنانے کے لیے کیا اقدامات کیے، کیا تکنیکی سپورٹ مہیا کی گئی اور پی ٹی سی ایل کا کیا کردارتھا۔ انھوں نے کہا کہ وزارت داخلہ معاملے کی تحقیقات کرے کہ ڈیٹا کی سیکیورٹی کوداؤپرکیسے لگایاگیا، جس انگوٹھے سے ہم لیڈرمنتخب کرتے ہیں اس کا بیلٹ کچرے سے ملتاہے۔انھوں نے استفسارکیا نادرا اور الیکشن کمیشن کے درمیان کیا معاہدہ ہوا،بیلٹ پیپرزکی چھپائی پرائیویٹ پرنٹنگ پریس سے کیوں کرائی گئی، ہم میڈیاسے بھی اس معاملے پر مدد لیں گے۔

الیکشن کمیشن کے ڈی جی آئی ٹی خضرحیات نے کمیٹی کو بتایاکہ آرٹی ایس کا بیک اپ موجود تھا ۔کمیٹی نے الیکشن کمیشن کوایک سوالنامہ بھجوایا جس میں پوچھاگیا ہے کہ نادرا کوکتنے فنڈ دیے گئے۔

الیکشن کمیشن نے کس قانون کے تحت نادرا اور پی ٹی سی ایل کے ساتھ معاہدہ کیا۔کیا اس کے لیے پیپرا رولز پر عمل کیا گیا یانہیں،کمیٹی نے الیکشن میںسسٹم کی خرابی کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیشن بنانے کامعاملہ20 اگست تک موخرکردیااورآرٹی ایس کی خرابی پر نادراکو20 اگست کو بریفنگ دینے کی ہدایت کی ہے ۔کمیٹی رکن چوہدری تنویرنے کہاکہ نادرا بتائے ایک ووٹ کا فارنسک آڈٹ کرانے پرکتنا خرچہ آئے گا۔

الیکشن کمیشن کے افسران نے بتایاکہ آرٹی ایس ریٹرننگ افسران کے لیے بنایاگیاتھا،ریٹرننگ افسران نے آرٹی ایس کے ذریعے رزلٹ واٹس ایپ کرنا تھے،دوسرا رزلٹ مینجمنٹ سسٹم تھا جو ریٹرننگ افسران کے دفاترمیں نصب کیا گیا، آرایم ایس ڈیجیٹل تھا جوانٹر نیٹ کے ذریعے رزلٹ بھیج رہا تھا۔انھوں نے الیکشن کمیشن کے افسران سے کہاکہ بیلٹ پیپرزکی پرنٹنگ کی سیکیورٹی محفوظ بنانا کس کی ذمے داری ہے؟ ہم اس معاملے کو بھی دیکھیں گے۔

اجلاس میں نگران وزیرداخلہ محمداعظم خان نے بھی شرکت کی اور بتایا کہ الیکشن کمیشن کو مکمل تعاون فراہم کیا گیا اور الیکشن کے روزانھوں نے خود سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کی۔قائمہ کمیٹی میں چولستان میں تین بہنوں کی موت سے متعلق قائم سب کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی۔

سینیٹررانا مقبول کی سربراہی میں قائم سب کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق بچیوںکو جنسی زیادتی کے بعد قتل کیا گیا۔پوسٹمارٹم کرنے والی لیڈی ڈاکٹرنے بتایاکہ ثریا،طاہرہ اوراللہ معافی کی عمریں بالترتیب 12،9 اور6سال تھیں۔

پنجاب پولیس کی خاتون ایس پی نے کمیٹی کو بتایاکہ بچیوںکے قتل کی ایف آئی آر نامعلوم افرادکیخلاف درج کی گئی۔سینیٹررانا مقبول نے کہاکہ واقعہ تین ماہ قبل پیش آیا اورایف آئی آر دو روز قبل درج ہوئی۔کمیٹی ارکان نے ایف آئی آرکے اندراج میں تاخیر پر خاتون ایس پی کی سرزنش کی۔

سینیٹراعظم سواتی نے کہا جو پولیس افسران بچیوںکی موت پر پردہ ڈالنے میں ملوث ہیں انکو معطل کیا جائے۔چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ پنجاب پولیس کے سینئر افسر ذمے دار ہیں۔کمیٹی اس معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے ایڈیشنل آئی جی کی سربراہی میں جے آئی ٹی بنانے کی ہدایت کی۔

رحمن ملک نے الیکشن کے دوران کوئٹہ ودیگر شہروں میں دہشت گردی واقعات کی مذمت کی اورکہاکہ سینیٹ کمیٹی برائے داخلہ شہدا کے ایصال ثواب کے لیے دعا اور غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتی ہے۔ اسلام آبادمیں پانی فراہمی سے متعلق چیف آفیسر نے کمیٹی کوبتایاکہ میٹروپولیٹین کارپوریشن میں پانی کی تشخیص کے لیے اپنی لیبارٹری نہیں،کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں جامع رپورٹ طلب کرلی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں