راجستھان رائلز کی انتظامیہ بھی ریڈار میں آگئی

تینوں کرکٹرز کا اعتراف جرم (میڈیا رپورٹ) شری شانتھ اور چھاون رو پڑے، چنڈیلا نے گذشتہ برس بھی فکسنگ کی تھی


Sports Desk May 18, 2013
شلپا شیٹھی، راہول ڈریوڈ کے ساتھ، پولیس نے دونوں سے تحقیقات کو خارج از امکان قرار دے دیا۔ فوٹو: بی سی سی آئی

آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ کا پنڈورا باکس کھلنے کے بعد اب ہر روز نت نئے انکشاف سامنے آنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

راجستھان رائلز کی انتظامیہ بھی ریڈار میں آگئی ہے، گرفتار شدہ ایک کرکٹر کے وکیل نے انکشاف کیا کہ ٹیم مینجمنٹ کو بکیز کے پلیئرز سے روابط کا علم تھا، اس کے باوجود پولیس نے اعلان کیاکہ مالکان راج کندرا، شلپا شیٹھی اور کپتان راہول ڈریوڈ سے کوئی انکوائری نہیں کی جائے گی۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق گذشتہ روز کیس میں ملوث تینوں کرکٹرز نے اعتراف جرم کر لیا، شری شانتھ اور انکیت چھاون پولیس کی پوچھ گچھ کے دوران رو پڑے جبکہ اجیت چنڈیلا تو فکسنگ کے پرانے کھلاڑی نکلے، انھوں نے گذشتہ برس بھی آئی پی ایل کے دوران فکسنگ کی تھی۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو انڈین پریمیئر لیگ میچز میں اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں ٹیسٹ اسٹار شری شانتھ سمیت 3 کرکٹرز کو گرفتار کیا گیا تھا جنھیں عدالت نے5 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے سپرد کر دیا۔

اس کیس میں اب نئی باتیں بھی سامنے آ رہی ہیں، جمعے کو ایک گرفتار شدہ کھلاڑی اجیت چنڈیلا کے وکیل نے الزام عائد کیا کہ اسپاٹ فکسنگ کیلیے بکیز سے پلیئرز کے رابطے کی اطلاعات کا مینجمنٹ کو پتا تھا،انھوں نے کہا کہ اجیت نے پولیس سے تو شکایت نہیں کی البتہ ٹیم مینجمنٹ کو بتا دیا تھا کہ انڈر ورلڈ کی جانب سے اسے دھمکایا جا رہا ہے، جواب میں اس سے کہا گیا کہ ایسا تو ہوتا رہتا ہے تم اپنے کھیل پر توجہ دو۔ پولیس نے اس بیان کے باوجود راجستھان رائلز کے مالکان راج کندرا، شلپا شیٹھی اورکپتان راہول ڈریوڈ سے پوچھ گچھ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ٹیم مینجمنٹ نے پہلے اپنے کھلاڑیوں کے غلط کاموں میں ملوث ہونے سے لاعلمی ظاہر کی تھی۔



دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں گرفتارشری شانتھ ، انکیت چھاون اور اجیت چنڈیلا نے اعتراف جرم کر لیا، پوچھ گچھ کے دوران اول الذکر دونوں پلیئرز کی آنکھوں میں آنسو نظرآئے، ٹیسٹ پیسر نے اسپاٹ فکسنگ پر مائل کرنے کی ذمہ داری قریبی دوست جیجو جناردھن پر عائد کی، انکیت نے کہا کہ ''ہاں میں نے غلط کام کیا مجھ سے غلطی ہو گئی''۔ تیسرے ملزم اجیت چنڈیلا گذشتہ برس کی آئی پی ایل میں بھی فکسنگ میں ملوث نکلے، انھیں ریکارڈ شدہ فون کال سنائی گئی جس میں وہ بکی سے ایڈوانس رقم کا تقاضا کر رہے تھے، جب بکی نے ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا تو کرکٹر نے اسے یاد دلایا کہ ''کیا تم نے گذشتہ برس کی آئی پی ایل میں ایسا نہیں کیا تھا''۔

چنڈیلا نے تحقیقات کے دوران بتایا کہ دہلی کے قریب واقع مانیسرکنٹری کلب میں ملاقات میں بکیز نے مزید کرکٹرز کو اسپاٹ فکسنگ کیلیے تیار کرنے کو کہا،انھوں نے دو نام پیش کیے تو انھیں ڈیل پر تبادلہ خیال کیلیے پارٹی میں بلانے کی دعوت دی گئی مگر دونوں پلیئرز نے آنے سے انکار کر دیا، اس کے بعد چنڈیلا نے انکیت سے رابطہ کیا جو تیار ہو گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں