لارڈز ٹیسٹ ٹیلر اور ولیمسن نے کیویز کو تباہی سے بچالیا

انگلش ٹیم پہلی اننگز میں232 رنز بناکر آؤٹ، ٹم ساؤتھی نے 4 پلیئرز کو پویلین بھیجا


AFP/Sports Desk May 18, 2013
لارڈز ٹیسٹ: کیوی پیسر سائوتھی انگلش پلیئر میٹ پرائر کو ایل بی ڈبلیو کرنے پر خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے دن روس ٹیلر اور کین ولیمسن کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے کیویز کو تباہی سے بچالیا۔

مہمان ٹیم نے جوابی اننگز میں 4وکٹ پر 153 رنز جوڑ لیے، انگلش ٹیم کو اب بھی79 رنزکی سبقت حاصل ہے، روس ٹیلر66 رنز بناکر میدان بدر ہوئے جبکہ کین ولیمسن 44 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، جیمز اینڈرسن نے تین وکٹیں لے کر ٹیسٹ وکٹوں کی ٹرپل سنچری مکمل کرلی، میزبان ٹیم 232 رنز بناکر آؤٹ ہوئی، ٹم ساؤتھی نے 4وکٹیں اپنے نام کیں۔

تفصیلات کے مطابق لارڈز ٹیسٹ میں جیمز اینڈرسن کے ابتدائی دو جھٹکوں کے بعد روس ٹیلر (66) اور کین ولیمسن (44) نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرکے ٹیم کو تباہی سے بچالیا، دن کے اختتام پر مہمان ٹیم نے 4وکٹ پر 153 رنز بنالیے۔



خسارہ اب محض 79 رنز رہ گیا، ڈین براؤنلی23رنز بناکر آؤٹ ہوئے، روس ٹیلر اور کین ولیمسن کے درمیان 93رنز کی شراکت کا خاتمہ جیمز اینڈرسن نے سابق کیوی قائد کو ایل بی ڈبلیو کرکے کیا، جیمز اینڈرسن اپنی چوتھی وکٹ لینے کے بھی قریب تھے لیکن 23 کے انفرادی اسکور پر کین ولیمسن کا کیچ وکٹ کیپر میٹ پرائر قابو نہیں کرپائے، اگرچہ انھوں نے اپنے دائیں جانب ڈائیو لگائی لیکن ایک ہاتھ سے انتہائی نیچے کیچ کو تھام نہیں پائے۔

نیوزی لینڈ کو چوتھا نقصان اسٹیون فن نے پہنچایا، انھوں نے ڈین براؤنلی کو ایل بی ڈبلیو کیا، انھیں ابتدائی طور پر امپائر ڈیوس نے ناٹ آؤٹ قرار دیا تاہم انگلش بولر نے ریفرل کیا، کم روشنی کے سبب قبل از وقت دن کا کھیل ختم کیے جانے پر برینڈن میک کولم 1 اور کین ولیمسن 44 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے،اس سے قبل انگلش ٹیم پہلی باری میں 232 رنز بناکر آؤٹ ہوئی، ٹم ساؤتھی نے دو مسلسل گیندوں پروکٹیں لے کر چار شکار کیے،نیل ویگنرنے 3 اور ٹرینٹ بولٹ نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں،جونی بیراسٹو 44 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، میٹ پرائر ریفرل کے باوجود صفر کی خفت سے دوچار ہوئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں