این آر او نہ کوئی لینا اور نہ دینا چاہتا ہے شہباز شریف

ارکان کی خریدو فروخت کے باعث پنجاب میں حکومت نہیں بناسکے، شہباز شریف


ویب ڈیسک August 09, 2018
کالے دھند میں منہ کالا نہیں کرنا چاہتا،شہبازشریف،فوٹو: فائل

مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ نہ کوئی این آر او لینا چاہتا ہے اور نہ کوئی دینا چاہتا ہے۔

اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نوازاور کیپٹن (ر) صفدر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے قوم کو مخلصانہ سلام اور دعا کیلئے کہاہے، نوازشریف اپنی ذات کے لیے نہیں بلکہ قوم کے لیے بیمار اہلیہ کو لندن چھوڑ کر وطن واپس آئے وہ پوری قوم کے لیے قربانی دے رہے ہیں جب کہ جیل میں قید نوازشریف، مریم اور صفدر کے حوصلے بند ہیں۔

ناانصافی پر آواز اٹھانا سب کا حق ہے


شہباز شریف نے کہا کہ ووٹ کے ساتھ جو نا انصافی ہوئی اس پر آواز اٹھانا ہم سب کا حق ہے ہم پارلیمنٹ میں پہلے روز انتخابات سے متعلق تحقیقات کا مطالبہ کریں گے، گزشتہ روز تمام سیاسی جماعتوں نے الیکشن میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کیا تاہم موسم کی خرابی کے باعث احتجاج میں شریک نہیں ہوسکا، ہم سمجھتے ہیں الیکشن سے پہلے اور الیکشن کے دن بھی دھاندلی ہوئی، اس دھاندلی کی تحقیقات کیلیے پارلیمانی کمیشن کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

دھاندلی کی تحقیقات کیلیے پارلیمانی کمیشن کا مطالبہ


(ن) لیگ کے صدر نے کہا کہ کیا مذاکرات کے بغیر مسئلے حل ہوئے ہیں؟ لیکن نہ کوئی این آراو کو لینا چاہتاہے نہ دینا چاہتاہے، تمام تر زیادتیوں کے باوجود پنجاب میں قومی اور صوبائی نشستوں پر (ن) لیگی امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔

کالے دھندے میں منہ کالا نہیں کرنا چاہتا


پنجاب میں حکومت بنانے میں ناکامی کے سوال پر شہباز شریف نے کہا کہ لوگ جہاز میں پیسوں کے تھیلے لے کر پھر رہے ہیں ان لوگوں نے پیسوں سے منڈی لگائی ہوئی ہے جو خریدو فروخت کررہے ہیں میں اس کالے دھندے میں منہ کالا نہیں کرنا چاہتا اس لیے حکومت نہیں بناسکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔