روم ٹینس بریڈیچ نے جوکووک کو اپ سیٹ شکست دے دی

رافیل نڈال نے دوسرے کوارٹر فائنل میں ڈیوڈ فیرر کو زیر کیا، ویمنز میں سرینا ولیمز نے کارلا سواریز نیوارو کواسٹریٹ۔۔۔


AFP/Sports Desk May 18, 2013
روم ٹینس: سربین اسٹار نووک جوکووک کوارٹر فائنل میں بریڈیچ کیخلاف گیند ریٹرن کررہے ہیں۔ فوٹو: فائل

بڑی سروس کیلیے مشہور جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ نے روم ماسٹرز میں پہلا بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے ٹاپ سیڈ نووک جوکووک کو شکست دے دی۔

ورلڈ نمبرون پلیئر کا قصہ کوارٹر فائنل میں تمام ہوگیا، جوکووک کیخلاف اس سے قبل 14 باہمی مقابلوں میں محض ایک کامیابی پر اکتفا رکھنے والے بریڈیچ نے روم ماسٹرزمیں ماضی کو فراموش کرتے ہوئے شاندار کھیل پیش کیا، ان کی جیت کا اسکور 2-6، 7-5 اور 6-4 رہا، اس فتح کے بعدآئندہ ہفتے شروع ہونے والے فرنچ اوپن میں بھی بریڈیچ کی کامیابی کے امکانات بڑھ گئے ہیں، وہ فائنل میں رسائی کیلیے اب دفاعی چیمپئن رافیل نڈال کا سامنا کریںگے، جنھوں نے دوسرے کوارٹر فائنل میں ہموطن ڈیوڈ فیرر کو دلچسپ مقابلے کے بعد6-4، 4-6 اور 6-2 سے مات دی، بریڈیچ کی سروس اور شاٹس کے تال میل نے جوکووک کو مشکل میں رکھا ، میچ کے بعد ورلڈ نمبر ون نے کہا کہ میں خود اپنی شکست کا ذمہ دار ہوں۔



میں کھیل پر دھیان برقرار نہیں رکھ پایااور ضرورت سے زیادہ دفاعی انداز لے ڈوبا، دوران میچ ہونے والی غلطیوں نے بھی میرے حریف کو فائدہ پہنچایا،فرانس کے بینوئٹ پائر نے اسپینش حریف مارسیل گرینولرز کو 6-1،6-0 سے پچھاڑکر فائنل فورمیں شمولیت اختیار کی۔ دوسری جانب ویمنز سنگلز میں ماریاشراپووا کے بیماری کے سبب دستبردار ہوجانے کے بعد سرینا ولیمز اور ٹرافی کی راہ میں کوئی بڑی رکاوٹ باقی نہیں رہ گئی، امریکی اسٹار نے گذشتہ ہفتے میڈرڈ میں کیریئر کی 50ویں سنگلز ٹرافی جیتی تھی۔

اس مرتبہ بھی ٹاپ سیڈ سرینا ولیمز نے کوارٹر فائنل میں کارلا سواریز نیوارو کواسٹریٹ سیٹ میں 6-2، 6-0 سے مات دیکر پیشقدمی جاری رکھی، فائنل میں جگہ بنانے کیلیے انھیں رومانیہ کی سیمونا ہالیپ کا چیلنج درپیش ہوگا، جنھوں نے سربین پلیئر جیلینا جینکووچ کو 4-6، 6-0 اور7-5 سے ہراکر اس مقام تک رسائی پائی ہے، ماریا کی دستبرداری نے اطالوی پلیئر سارا ایرانی کو میدان میں اترے بغیر سیمی فائنل کا ٹکٹ دلایا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں