بھارت میں اسکول ملازمین نے 5 گونگی اور بہری طالبات کو اپنی ہوس کا نشانہ بناڈالا

ہاسٹل میں قیام کے دوران اسکول کے 2 ملازمین اشوک اور سریش نے انہیں ڈرا دھمکا کر متعدد مرتبہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا


ویب ڈیسک May 18, 2013
این جی او کی خاتون ڈائریکٹر سمیت 4 ملازمین کو گرفتار کر لیا گیا جب کہ اس حوالے دیگر گرفتاریاں بھی متوقع ہیں، پولیس فوٹو: فائل

بھارتی ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں ایک اسکول میں ملازمین کی جانب سے 5 گونگی اور بہری طالبات کو متعدد مرتبہ جنسی زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

بھارتی اخبار کے مطابق جے پور کے علاقے گاندھی نگر میں حکومت کی جانب سے قائم دارالامان میں 15 سے 17 سال تک کی گونگی اوربہری 5 یتیم لڑکیاں رہائش پزیر تھیں جنہیں ٹریننگ کے لئے علاقے میں قائم ایک این جی او کے اسکول بھیجا گیا جہاں انہیں ہاسٹل میں ٹھہرایا گیا، ہاسٹل میں قیام کے دوران اسکول کے 2 ملازمین اشوک اور سریش نے انہیں ڈرا دھمکا کر متعدد مرتبہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور اپنی گھناؤنی حرکت پر پردہ ڈالنے کے لئے انہیں تشدد کا بھی نشانہ بنایا تاکہ لڑکیاں کسی کو اس واقعے سے متعلق نہ بتائیں۔

لڑکیوں کی جانب سے اس گھناؤنی حرکت کی شکایات اسکول انتظامیہ سے کی گئی، اس کے با وجود انتظامیہ نے ملازمین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی، زیادتی کی خبر اس وقت منظرعام پر آئی جب لڑکیاں ٹریننگ کے بعد دوبارہ دارالامان پہنچیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی شکایت درج ہونے کے بعد این جی او کی خاتون ڈائریکٹر سمیت 4 ملازمین کو گرفتار کر لیا گیا جب کہ اس حوالے دیگر گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں