ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی سے درآمدات پر قیمتیں بڑھادیں

اس وقت ہمارے ترکی کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں ہیں، امریکی صدر


News Agencies August 11, 2018
ہمیں نقصان پہنچانے کی عالمی سازش ہورہی ہے، اردوان۔ فوٹو:فائل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انھوں نے ترکی سے اسٹیل اور ایلومینیم کی درآمدات کی قیمتوں میں اضافے کی اجازت دیدی ہے۔

ٹرمپ نے ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ترک کرنسی لیرا کی قیمت ہمارے مضبوط ڈالر کے مقابلے میں کم ہونے کے باعث ایلومینیم کی درآمدات کی قیمت کو 20 فیصد تک جبکہ اسٹیل کی درآمدات کی قیمت کو 50 فیصد تک بڑھایا جائے گا۔ انھوں نے تسلیم کیا کہ اس وقت ہمارے ترکی سے تعلقات اچھے نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ دونوں نیٹو اتحادیوں کے تعلقات میں تلخی اس وقت پیدا ہوئی تھی جب ترکی نے دہشت گردی کے الزام میں اکتوبر 2016 میں امریکی پادری اینڈریو برنسن کو گرفتار کیا تھا اور گزشتہ ہفتے گھر میں منتقل کر کے نظر بند کردیا تھا۔ انقرہ کے اقدام پر واشنگٹن نے 2 ترک وزرا پر پابندی لگادی تھی۔

دوسری جانب ملکی کرنسی کی قدر میں مسلسل کمی کے باعث رجب طیب اردوان نے عوام سے غیر ملکی کرنسی کو لیرا میں تبدیل کرنے کی اپیل کی۔

رجب طیب اردوان نے اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ نے جو یوروز، ڈالرز اور سونا اپنے تکیوں کے نیچے چھپا کر رکھے ہیں اسے ہمارے بینکوں سے لیرا میں تبدیل کروائیں، یہ ایک قومی جدو جہد ہے۔ انھوں نے ترکی کو نقصان پہنچانے کی غیر ملکی سازش قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ان لوگوں کو ہماری عوام کا جواب ہوگا جو ہمارے خلاف معاشی جنگ شروع کر رہے ہیں۔ ترک صدر کا کہنا تھا کہ ہم یہ معاشی جنگ نہیں ہاریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں