پاکستان سے تعلق رکھنے والے یہودی کی اسرائیل جانے کی خواہش

مقبوضہ بیت المقدس پاکستانی پاسپورٹ پرجانے کی اجازت دی جائے ،اہم شخصیات کو ٹویٹ

متعلقہ وزارت کودرخواست دیں،قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا،ترجمان دفتر خارجہ کا موقف۔ فوٹو: انٹرنیٹ

پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک یہودی شخص نے پاکستان کی اہم سیاسی اور مقتدر شخصیات سے اپیل کی ہے کہ انھیں پاکستان پاسپورٹ پر مقبوضہ بیت المقدس جانے کی اجازت دی جائے۔

امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ درخواست کراچی سے تعلق رکھنے والے فشل خالد نے اپنے ٹویٹراکاؤنٹ سے ملک کی اہم شخصیات کے نام ٹویٹ میں کی ہے، خالد نے ٹویٹ پاکستان کے دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹرمحمد فیصل،تحریک انصاف کے رہنما فوادچوہدری،تحریک انصاف کے سربراہ اور ممکنہ وزیراعظم عمران خان،ن لیگ کے رہنما مریم نواز ،پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری ، پاکستان فوج کی شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور اورمتعدد دیگرافراد کے نام بھیجا ہے خالد نے اپنے پاسپورٹ کی کاپی بھی ٹویٹرپرجاری کی ہے جس میں ان کا یہودی مذہب سے تعلق بھی ظاہر ہوتا ہے۔


خالد کی اسرائیل جانے کی خواہش کی درخواست کے بارے میں وائس آف امریکا کی طرف سے پاکستان کے دفترخارجہ کے ترجمان محمد فیصل سے ان کا ردعمل جاننے کے لیے رابطے پر انھوں کہا کہ ایک پاکستانی شہری ہونے کے ناطے وہ اس بارے میں متعلقہ وزارت کو باضابطہ درخواست دے سکتے ہیں اور اس کے بعد ان کی درخواست پرقانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا تاہم انھوں نے کہا "پاکستان کے پاسپورٹ پراسرائیل کا سفر نہیں کیا جا سکتا لیکن اس کے باوجود وہ پاکستان کی وزارت داخلہ کو درخواست دے سکتے ہیں وہ کیا چاہتے ہیں اور اس کے بعد قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا"۔

واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم نہ کیے جانے کی وجہ سے پاکستانی پاسپورٹ پرشہری اسرائیل کے علاوہ دنیا کے تمام ملکوں کا سفر کر سکتے ہیں۔
Load Next Story