بے نظیر کی پارٹی

جمہوریت بہترین انتقام ہے۔ اور جمہوریت نے انتقام لے لیا...


Sana Ghori May 18, 2013

KARACHI: جمہوریت بہترین انتقام ہے۔

اور جمہوریت نے انتقام لے لیا۔ المیہ یہ ہے کہ بے نظیر بھٹو کے اس مقولے کا نشانہ ان کی اپنی جماعت بنی ہے۔2013 کے انتخابات نے پیپلز پارٹی کو سندھ تک محدود کردیا ہے۔ اور حادثے سے بڑا سانحہ یہ ہے کہ وہ پارٹی جسے ذوالفقار علی بھٹو کی کرشمہ ساز شخصیت، انقلابی منشور، عوام کا دل تسخیر کرتے نعروں نے حقیقی معنوں میں ملک کی واحد قومی جماعت بنادیا تھا، جو بھٹو کی ولولہ انگیز قیادت میں ملک کی سب سے بڑی جماعت بن گئی تھی اور بے نظیر بھٹو کی جری اور دانش مند قیادت نے جس کی یہ حیثیت برقرار رکھی، آج وہ پاکستان پیپلز پارٹی سمٹ کر ایک صوبے کی نمایندہ جماعت بن گئی ہے۔

ایوب خان کی فولادی آمریت کے خلاف میدان میں آنے والے نوجوان ذوالفقارعلی بھٹو نے جب ''پاکستان پیپلز پارٹی'' کے نام سے نیا سیاسی کارواں تشکیل دیا تو سیاست کی دھوپ چھاؤں میں عمریں گزار دینے والے رہنما جانتے تھے نہ منجھے ہوئے تجزیہ کاروں کو توقع تھی کہ یہ نومولود جماعت نہ صرف ملک کا سیاسی کلچر تبدیل کرکے رکھ دے گی، بلکہ اس شان سے اقتدار کے ایوانوں میں داخل ہوگی کہ یہ کام یابی ہماری انتخابی تاریخ کا امر ہوجانے والا واقعہ بن جائے گا۔ بھٹو کے طرزسیاست اور طرز حکومت سے کوئی لاکھ اختلاف کرے، مگر اس میں دو رائے نہیں ہوسکتیں کہ انھوں نے پاکستانی سیاست اور سماج پر طاری جمود توڑ کر رکھ دیا۔ بے آئین ملک کو دستور کی ردا دینا، جوہری منصوبے کی داغ بیل ڈال کر بھارتی برتری کے خواب کو شکست، اسلامی سربراہی کانفرنس کے ذریعے پاکستان کو مسلم امہ کی قیادت کا منصب دلانا، زرعی اصطلاحات، مزدوروں کے حقوق کا تحفظ۔۔۔ غرض یہ کہ ایسے اقدامات اور فیصلوں کی ایک صفحہ درصفحہ فہرست ہے جس نے تمام تر غلطیوں کے باوجود پیپلزپارٹی کو عوام میں سرخرو رکھا۔

پھر بھٹو کی پھانسی نے انھیں اور ان کے ساتھ پی پی پی کو وہ آب حیات پلا دیا کہ ضیاء الحق اور ہم نوا تمام تر کوششوں کے باوجود اس جماعت کے سہ رنگے پرچم کو سفید کفن نہ بناسکے۔ تاریخ گڑھی خدا بخش کی پھولوں سے لدی قبر سے پی پی پی کی حمایت کی مہر لگی پرچیوں سے بھرے بکسوں تک عوام کی بھٹو سے محبت کا نظارہ کرتی رہی۔ لاہور میں بے نظیر کے بے نظیر استقبال نے ''زندہ ہے بھٹو زندہ ہے'' کے نعرے کی سچائی ثابت کردی۔ گرفتاری اور قید ِتنہائی سے عورت ہونے کے ''جرم'' میں غلیظ الزامات کی مہم تک، بھٹو کی دلیر بیٹی نے ہر آمرانہ حربے اور مخالفانہ ہتھکنڈے کا سامنا کیا۔ ان کی جُرأت، صبر اور عزم کا نظارہ قوم نے بارہا کیا۔

کبھی وہ جلسوں اور اسمبلی کے فلور پر گرجتی نظر آئیں،اپنے اسیر شوہر سے ملاقات کے لیے بچوں کا ہاتھ تھامے چلچلاتی دھوپ میں اجازت کی منتظر بے نظیر کی تصویر کسے یاد نہ ہوگی، اور پھر قتل کی دھمکیوں اور انتباہ کے باوجود ان کی پاکستان آمد نے انھیں اپنے والد کی طرح سیاست میں بہادری کی مثال بنادیا۔ مسلم دنیا کی پہلی منتخب حکمراں کے طور پر بے نظیر بھٹو نے اقتدار سنبھالا تو انھیں مخاصمت سے بھرے ماحول کا سامنا تھا۔ سازشیں، ناتجربہ کاری اور غلطیوں نے مل کر غلام اسحٰق خان کے لیے مطلوبہ حالات بنادیے اور انھوں نے پی پی پی حکومت کو چلتا کیا۔ بے نظیر کی اگلی حکومت بھی مدت پوری نہ کرسکی اور اسٹیبلشمنٹ اور فاروق لغاری کی بے وفائی نے اس حکومت کا خاتمہ کردیا۔ لگ بھگ دو دو سال پر محیط پی پی پی کے یہ حکومتی ادوار کارکردگی کے اعتبار سے ملک کی کسی دوسری جمہوری یا آمرانہ حکومت سے اچھے نہیں تو برے بھی نہیں کہے جاسکتے۔

بلکہ لوگوں کو روزگار دینے میں پی پی پی کی کارکردگی حکومت میں آنے والی دیگر جماعتوں سے بہتر رہی ہے، لیکن روزگار کی فراہمی کو بھی اس جماعت کے لیے الزام بنادیا گیا۔ دورانِ اقتدار الزامات اور بہ طور حزب اختلاف انتقامی کارروائیاں سہتی بے نظیر بھٹو اور ان کی جماعت بہر طور سیاست میں اپنا نمایاں کردار ادا کرتی رہی۔ بے نظیر بھٹو کی دلیر اور زیرک قیادت مشکلات سے راستہ نکالتی رہی اور عوام کے ایک وسیع حلقے میں اپنی پارٹی کا امیج اور بھٹو کا نام زندہ رکھا۔ یہاں تک کہ 1997کے انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی مسلم لیگ ن کے بھاری مینڈیٹ کے مقابلے میں صرف اٹھارہ سیٹیں حاصل کرپائی تھی، مگر بے نظیر کی سیاسی تدابیر نے پارٹی کو اس کی کھوئی ہوئی مقبولیت واپس دلادی۔ چنانچہ 2002کے عام انتخابات میں آمرِوقت پرویز مشرف کی چھتری تلے کامیابی حاصل کرنے والی مسلم لیگ ق کی 126 نشستوں کے مقابلے میں پی پی پی کو 81 نشستیں حاصل ہوئیں۔

اٹھارہ سے اکیاسی نشستوں تک کا یہ سفر بے نظیر کی بالغ نظر قیادت کے باعث پیپلز پارٹی کے امیج کی بحالی کے نتیجے ہی میں ممکن ہوا۔ یہ حقیقت بھی ذہن میں رہے کہ اس الیکشن میں پی پی پی کو ق لیگ کے مقابلے میں ایک فی صد زاید ووٹ ملے تھے۔2008کے انتخابات کا انعقاد ہوا تو فضا بے نظیر کے خون سے رنگین تھی۔ اس خون کے صدقے پی پی پی اقتدار میں آئی اور آصف علی زرداری پارٹی کی قیادت سے ملک کی صدارت تک اپنی جماعت کی علامت بن گئے۔ یہ ناقص کارکردگی کا ایک دور تھا، جس نے پانچ سال مکمل کیے، مگر یہ تکمیل پاکستان پیپلزپارٹی کی حیثیت کا تکملہ بھی نظر آتی ہے۔

بعض تجزیہ کار پی پی پی کی حالیہ ناکامی کو 2007کے انتخابات میں اس کی شکست سے تشبیہہ دیتے ہوئے امکان ظاہر کرتے رہے کہ پہلے کی طرح پی پی پی دوبارہ اتنخابی میدان مارسکتی ہے۔ یہ امکان پیش کرتے ہوئے چند حقائق کو فراموش کردیا گیا ۔در حقیقت پی پی پی بے نظیر کی زیرک قیادت سے محروم ہوچکی ہے، پہلی بار مدت پوری کرنے والی اس جماعت کی حکومت نے ناقص کارکردگی دکھائی اور عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا ، ن لیگ حکومت کے بعد تحریک انصاف ملک میں تیسری اور پنجاب کی حد تک دوسری قوت کے طور پر سامنے آچکی ہے، جس کے پاس خیبرپختونخوا میں حکومت بناکر کارکردگی دکھانے کا پورا موقع موجود ہے۔ ایسے میں کیا آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی اپنی پوزیشن بحال کرپائے گی؟ بظاہر اس سوال کا جواب نفی میں نظر آتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں