جناح اسپتال شعبہ نفسیات کے اسٹورانچارج نے خودکشی کرلی

32 سالہ کملیش کمار کی 2 ماہ بعد شادی تھی،آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی.

پریس کلب کے قریب عمارت سے چھلانگ لگانے والے شخص کی لاش کے گرد لوگ جمع ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

جناح اسپتال میں شعبہ نفسیاتی امراض کے اسٹور انچارج نے پریس کلب کے سامنے سڈکو سینٹر کی نویں منزل پر واقع اپنے گھرکی بالکونی سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی،متوفی خود بھی ذہنی مریض تھا۔

یہ بات متوفی کے والد نے ایکسپریس کو بتائی، تفصیلات کے مطابق آرٹلری میدان تھانے کی حدود پریس کلب کے سامنے سڈکو سینٹر میں نویں منزل کے رہائشی32 سالہ کملیش کمار ولد جی ایم جیسرانی نے گھر کی بالکونی سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی، متوفی کی لاش جناح اسپتال لائی گئی،متوفی کے والد نے ایکسپریس کو بتایا کہ متوفی2بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا ،بڑا بھائی ڈاکٹر انوپ کمار جلدی امراض کا اسپیشلسٹ ہے جبکہ متوفی جناح اسپتال کے نفسیاتی وارڈ میں اسٹور انچارج تھا۔




متوفی کی منگنی ہو چکی تھی، 2 ماہ بعد شادی ہونی تھی جبکہ متوفی خود بھی شیزو فرینزا کامریض تھا ، وہ 2دن قبل جناح اسپتال سے 15 دن تک اپنا علاج کرا کے آیا تھا ، متوفی کا کزن ڈاکٹر پریتم جناح اسپتال میں میڈیکل لیگل آفیسر ہے ،کملیش کا آبائی تعلق قمبر شہداد کوٹ سے تھا ، متوفی کی لاش پوسٹ مارٹم اور پولیس کی ضابطے کی کارروائی کے بعد سرد خانے میں رکھوا دی گئی آخری رسومات اندرون سندھ سے بہنوں اور دیگر رشتے داروں کے آنے کے بعد ( آج ) اتوار کو اداکی جائیں گی ۔
Load Next Story