متحدہ کا اپوزیشن لیڈر کیلیے حلیم عادل شیخ کی حمایت کا فیصلہ

پی پی کوٹف ٹائم دیں گے، اظہارالحسن


Staff Reporter August 12, 2018
سندھ میں مزید لوٹ مارنہیں کرنے دیںگے، حلیم عادل۔ فوٹو: فائل

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نامزد کیے جانے والے تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہاہے کہ تحریک انصاف دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتی ہے اور انھیں اعتماد میں بھی لیا جارہاہے جس طرح ایک نیا پاکستان بننے جارہاہے اسی طرح نئے سندھ کی بنیاد بھی رکھی جائے گی۔

حلیم عادل شیخ گزشتہ روز ایم کیوایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادر آباد میں متحدہ کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ تحریک انصاف کے وفد نے حلیم عادل شیخ کی سربراہی میں متحدہ کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد سابق اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے دیگر ایم این ایز بھی موجود تھے۔

حلیم عادل شیخ نے پیپلز پارٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف اب پی پی کو سندھ میں مزید لوٹ مار نہیں کرنے دے گی، سندھ کے عوام ایک عرصے سے گٹر کا پانی پینے پر مجبور ہیں لیکن اب ہم اپنے دور حکومت میں سندھ کے ووٹرز کو ان کے حقوق دلانے کی ہر ممکن کوشش کریںگے، جب عمران خان حلف اٹھائیں گے اس کے بعد نئے پاکستان کی بنیاد رکھی جائے گی اپنے دورحکومت میں اداروں کو مضبوط کریں گے۔

حلیم عادل شیخ نے ایم کیوایم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایاکہ گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس بھی ان کے ساتھ ہے، سندھ اسمبلی میں متوقع اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے پیپلزپارٹی کو مزید ٹف ٹائم دینے کا اعلان کیا ہے۔

حلیم عادل شیخ نے مزید کہاکہ اگر ہم یک زبان ہوگئے تو ہماری پوزیشن مضبوط ہوگی، پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومت میں بہت ظلم کیے ہیں، عمران خان کا ایک پیغام ہے کہ نیا پاکستان کے ساتھ ساتھ نیا سندھ بھی بنانا ہے، پی پی نیا سندھ نہیں بناسکتی اورنہ ہی صراط مسقیم پر چل سکتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ ہم یہ پیغام لائے ہیںکہ ہم سب ساتھ اور مشاورت سے چلنا چاہتے ہیں، پیپلزپارٹی یہ نہ سوچے کہ وہ آرام سے سندھ میں لوٹ مار کرسکتی ہے، عمران خان جب حلف اٹھائیں گے توتبدیلی آئے گی۔

اس موقع پر ایم کیوایم کے رہنما اور سندھ اسمبلی کے سابق اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہارالحسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صوبہ سندھ کے لیے مفاہمتی عمل جاری رکھیںگے، حلیم عادل شیخ نے تینوں جماعتوں کو اعتماد میں لیا ہے، اپوزیشن لیڈرکے لیے نامزد حلیم عادل شیخ کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے، مشترکہ جدوجہد کرکے سندھ کے ووٹروں کے لیے کام کرنا ہوگا، اپوزیشن مضبوط ہے، حلیم عادل شیخ کام بھی کریں گے ان سے کام بھی کرائیں گے، ہم سب مل کر پی پی کو ٹف ٹائم دیںگے اور حلیم عادل شیخ سے آئینی کردار بھی ادا کرائیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں