مشرف زرداری نے ملک ویران کیا ہم گلستان بنائینگے چوہدری نثار

اربوں روپے سے ٹیکسلا اورواہ میں لوگ خریدے گئے،غیورلوگوں نے انھیں ٹھوکرپررکھا.

میرے کہنے پرنوازشریف نے’’بلے خان‘‘کوحکومت سازی کاکہا،کارکنوں سے خطاب۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ(ن) کے رہنما اور نومنتخب رکن قومی اسمبلی چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ ستمبر میں ایوان صدر کو زرداری سے پاک کرکے ملک میں چھائی ہوئی نحوست ختم کردی جائے گی۔

مشرف اور زرداری نے اس ملک کو ویران کرکے رکھ دیا، ہم ان شاء اللہ اسے گلستان بنائیں گے، ہماری اولین ترجیح بجلی کے بحران پر قابو پاناہے۔ لیگی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ اربوں روپے سے ٹیکسلا اور واہ میںلوگ خریدے گئے، افسران بکے، پولنگ عملہ بکا مگر این اے52 کے غیور لوگوں نے قیمت لگانے والوںکو پائوں کی ٹھوکرپررکھا۔ میں آپ کا شکریہ ادا کرتاہوں۔ انھوں نے کہاکہ میرے کہنے پر نوازشریف نے پختونخوا میں ''بلے خان'' کو حکومت سازی کی دعوت دی۔




انھوں نے کہاکہ پنجاب میں آئندہ چندروز تک ہمارے ممبران کی تعداد 275 تک پہنچ جائے گی جبکہ قومی اسمبلی میں ہمارے ممبران کی تعداد 150ہوچکی ہے۔ انشاء اللہ چندہفتوں میں ہم3صوبوں اورمرکزمیں مضبوط حکومتیں بنانے جارہے ہیں جبکہ کے پی کے میں ہماری مضبوط اپوزیشن ہوگی۔ انھوں نے کہاکہ بجٹ سرپر ہے، 14سو ارب کا خسارہ ہے۔ بجلی گیس نہیں، مہنگائی، بیروزگاری اور بدامنی کے مسائل کا سامناہے لیکن اللہ کے فضل سے ہم مستقل مزاجی سے اس ٹوٹے اور لہولہو پاکستان کو پھرسے ایک مضبوط اور مستحکم ملک بنائیں گے۔
Load Next Story