مخصوص نشستیں کئی سیاستدانوں نے اپنی رشتہ دار خواتین کو رکن اسمبلی بنوادیا

تحریک انصاف نے خواتین کی 28، مسلم لیگ (ن) نے 16،اور پی پی پی نے خواتین کی 9 مخصوص نشستیں حاصل کیں


ویب ڈیسک August 12, 2018
پی ٹی آئی 158 ارکان کے ساتھ پہلے، مسلم لیگ (ن) 82 ارکان کے ساتھ دوسرے اور پی پی پی 53 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ فوٹو : فائل

متعدد سیاستدانوں نے مخصوص نشستوں پر اپنی خواتین رشتہ داروں کو قومی اسمبلی تک رسائی دلادی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص 221 نشستوں پر ارکان اسمبلی کے نوٹی فکیشن جاری کردیے ۔ اس طرح ملک میں ہونے والے حالیہ انتخابات کا آخری مرحلہ بھی مکمل ہوگیا اور تمام جماعتوں کی انتخابی پوزیشن واضح ہوگئی۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے کئی سیاستدانوں کی خواتین رشتہ داروں کی قسمت جاگ اٹھی اور انہوں نے بھی قومی اسمبلی تک رسائی حاصل کرلی ہے۔

تحریک انصاف خواتین کی 28 اور اقلیتوں کی 5 مخصوص نشستیں ملا کر قومی اسمبلی میں 158 ارکان کے ساتھ سب سے آگے ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے جن خواتین کو ایم این اے کا منصب ملا ہے ان میں شیریں مزاری، منزہ حسن، عندلیب عباس اور سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی سالی نفیسہ عنایت اللہ خان خٹک اور بھتیجی ساجدہ بیگم شامل ہیں۔ جب کہ پی ٹی آئی کی لاہور سے معروف رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد ممبر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئی ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پی ٹی آئی 158 ارکان کے ساتھ سرفہرست

مسلم لیگ (ن) خواتین کی 16، اور اقلیتوں کی 10 مخصوص نشستوں میں سے 2 نشستیں حاصل کر کے مجموعی طور پر 82 ارکان قومی اسمبلی کے ساتھ ملک کی دوسری بڑی جماعت بن چکی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے خواتین کی مخصوص نشستوں کے لئے نامزد کردہ خواتین میں خواجہ آصف کی اہلیہ مسرت آصف اور بھتیجی شیزا فاطمہ، سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، ان کی والدہ طاہرہ اورنگزیب، سابق وزیرخزانہ حفیظ پاشا کی اہلیہ عائشہ غوث پاشا، نواز شریف کے معاون خصوصی طارق فاطمی کی اہلیہ زہرہ ودود فاطمی، سابق وزیرمملکت چوہدری جعفر اقبال کی بیٹی زیب جعفر اور بھتیجی مائزہ حمید اور رکن آزاد کشمیر اسمبلی ناصر ڈار کی بہن کرن ڈار شامل ہیں۔

مریم نواز کی سیکرٹری ثانیہ عاشق اور چوہدری جعفر اقبال کی اہلیہ عشرت جعفر پنجاب اسمبلی کے لئے منتخب ہوئی ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی خواتین کی 9 اور 2 اقلیتی مخصوص نشستیں حاصل کرکے 53 نشستوں کے ساتھ ملک کی تیسری بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔ پیپلز پارٹی کی حنا ربانی کھر، شازیہ مری، ناز بلوچ ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئی ہیں جب کہ شہلا رضا اور ریحانہ لغاری ممبر سندھ اسمبلی بن گئیں ہیں۔

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے کشور زہرا جبکہ متحدہ مجلس عمل نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر کامران مرتضیٰ کی اہلیہ عالیہ کامران کو بلوچستان سے نامزد کیا ہے۔ سابق صدر مملکت چودھری فضل الہٰی کی پوتی تاشفین صفدر بھی رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں